بھارت (6 جنوری 2026): ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان کے بھارت کے خلاف میچ کا بائیکاٹ کرنے کے اعلان کے باوجود بھارتی ٹیم کولمبو جائے گی۔
بھارتی ٹیم کے کپتان سوریا کمار یادیو نے کہا ہے کہ پاکستان سے میچ ہو یا نہ ہو، ہماری ٹیم میچ کے لیے کولمبو جائے گی کیونکہ بھارتی بورڈ اور حکومت نے پاکستان کے خلاف نیوٹرل وینیو پر کھیلے کا فیصلہ کیا ہے۔
ممبئی میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بھارتی کپتان کا کہنا تھا کہ ہماری ٹکٹیں بک ہوچکی ہیں، ہم جا رہے ہیں بعد میں دیکھیں گے کیا ہوتا ہے۔
ایشیا کپ میں پاکستانی کپتان اور کھلاڑیوں سے ہاتھ نہ ملانے والے سوریا کمار یادیو نے کہا کہ ہمیں موقع ملا تو پاکستان سے ضرور کھیلیں گے۔
واضح رہے کہ بھارتی کپتان کا یہ بیان پاکستان کی محبت میں نہیں بلکہ واک اوور کی صورت میں 2 قیمتی پوائنٹس حاصل کرنے کے لیے ہے۔
آئی سی سی قوانین کے مطابق پاکستان ٹیم کے میچ کھیلنے سے انکار پر بھارتی ٹیم کو واک اوور کے پوائنٹس ملیں گے جو میچ جیتنے کے مساوی یعنی دو پوائنٹس ہوں گے۔
تاہم اس کے لیے پاکستان کے انکار کے باوجود بھارتی ٹیم کو شیڈول کے مطابق گراؤنڈ میں پہنچنا اور مقررہ وقت تک مخالف ٹیم (پاکستان ٹیم) کا انتظار کرنا ہوگا۔ مقررہ وقت تک مخالف ٹیم کے نہ آنے پر پوسٹ میچ پریس کانفرنس سمیت دیگر تمام عمل مکمل کرنا پڑے گا۔ اس کے بعد ہی بھارتی ٹیم کو دو پوائنٹس ملیں گے۔
آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کا آغاز کل سے ہو رہا ہے اور پاک بھارت ٹاکرا اتوار 15 فروری کو کولمبو کے پریماداسا اسٹیڈیم میں شیڈول ہے۔
پاکستان ٹیم کل اپنا پہلا میچ نیدرلینڈز کے خلاف کھیلے گی۔ اس گروپ میں پاکستان اور بھارت کے علاوہ نمیبیا، نیدرلینڈز اور امریکا کی ٹیمیں شامل ہیں۔ ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 20 ٹیمیں شامل ہیں۔
دوسری جانب روایتی حریف بھارت اور پاکستان کے درمیان ورلڈ کپ کا میچ نہ ہونے کی صورت میں آئی سی سی اور میزبان کو بڑا مالی خسارہ ہوسکتا ہے۔ آئی سی سی نے پاکستان سے اپنے فیصلے پر نظرثانی کا مطالبہ کرتے ہوئے بیک ڈور رابطے کیے ہیں۔
ٹی20 ورلڈ کپ : پاکستان کے انکار پر آئی سی سی کی نیندیں حرام، منانے کی کوششیں شروع
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


