کولمبو: آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈ کپ 2026 میں روایتی حریف بھارت کے خلاف اہم میچ سے قبل جمعہ کو پاکستان کرکٹ ٹیم نے بھرپور ٹریننگ سیشن کیا۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان یہ ہائی وولٹیج مقابلہ اتوار کو کولمبو کے آر پریماداسا اسٹیڈیم میں ہوگا، اس حوالے سے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔
پاکستان کرکٹ ٹیم نے اسی مقام پر 3 گھنٹے طویل پریکٹس سیشن میں حصہ لیا تاکہ مقامی کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہو سکیں۔ سخت تربیتی سیشن کے دوران گرین شرٹس نے بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کی مشقیں کوچنگ اسٹاف کی نگرانی میں انجام دیں۔
اس موقع پر ماہر بیٹرز اور بولرز کو صورتحال کے مطابق اہداف دیے گئے، جنہیں پورا کرنے کے لیے خصوصی مشقیں کروائی گئیں۔ کوچز کی جانب سے سیناریو بیسڈ پریکٹس پر خاص توجہ دی گئی تاکہ کھلاڑی میچ کی دباؤ والی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہیں۔
واضح رہے کہ یہ مقابلہ دونوں ٹیموں کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، کیونکہ فتح کی صورت میں سپر ایٹ مرحلے میں رسائی تقریباً یقینی ہو جائے گی۔ ٹی20 ورلڈ کپ کا سپر ایٹ مرحلہ 21 فروری سے شروع ہوگا، جس میں چاروں گروپس کی ٹاپ دو ٹیمیں حصہ شامل ہوں گی۔
پاکستان گروپ اے کی پوائنٹس ٹیبل پر اس وقت 2 میچوں میں 4 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے، جبکہ بھارت بھی اتنے ہی پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے تاہم بہتر نیٹ رن ریٹ کی بنیاد پر اسے برتری حاصل ہے۔
ہربھجن سنگھ نے بھارتی بیٹرز کو کس بولر سے خبردار کردیا؟
پاکستانی اسکواڈ کی اگر بات کی جائے تو اس میں سلمان علی آغا (کپتان)، ابرار احمد، بابر اعظم، فہیم اشرف، فخر زمان، خواجہ نفیع، محمد نواز، محمد سلمان مرزا، نسیم شاہ، صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، شاہین شاہ آفریدی، شاداب خان، عثمان خان اور عثمان طارق شامل ہیں۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


