پاکستان کے ابھرتے ہوئے اسٹار بولر سلمان مرزا ٹیم کے ورلڈکپ ٹی ٹوئنٹی سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے پرُامید ہیں۔
کینڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سلمان مرزا نے کہا کہ پاکستان ٹیم سیمی فائنل میں پہنچ سکتی ہے لیکن سیمی فائنل میں پہنچنا اب ہمارے کنٹرول میں نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کیخلاف میچ جتوانے کا موقع ملا لیکن ایسا ممکن نہیں ہو سکا، انگلینڈ کیخلاف 2 وکٹیں لے لیتا تو جیت جاتے۔
کپتان سلمان علی آغا کے اہل خانہ کی سوشل میڈیا ٹرولنگ پر سلمان مرزا نے کاہ کہ کسی کی فیملی کو ٹارگٹ کرنا شرمناک ہے۔
آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کا سپر ایٹ مرحلہ جاری ہے۔ گروپ 2 سے انگلینڈ سیمی فائنل مرحلے کے لیے کوالیفائی کر چکا ہے جب کہ نیوزی لینڈ فائنل فور کی دہلیز پر ہے۔ تاہم پاکستان کی اگلے مرحلے میں جانے کی موہوم سی امید اب بھی باقی ہے۔
آج انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کا اہم میچ کولمبو میں کھیلا جا رہا ہے۔ تاہم اس میچ کے نتیجے پر پاکستانیوں اور قومی ٹیم کی نظریں گڑی ہیں، کیونکہ گرین شرٹس کی آخری امید انگلینڈ کی کیویز کے خلاف بڑی فتح سے جڑی ہیں۔
گروپ ٹو میں سری لنکا پہلے ہی ٹورنامنٹ سے باہر ہو گیا ہے۔ انگلینڈ دونوں میچز جیت کر چار پوائنٹ کے ساتھ پہلے اور نیوزی لینڈ 3 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے جب کہ پاکستان ایک پوائنٹ کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔
اگر آج نیوزی لینڈ میچ جیت جاتا ہے تو پاکستان کا کھیل آج ہی ختم ہو جائے گا اور اسے ناکام و نامراد وطن واپس آنا پڑے گا جب کہ انگلینڈ کی نیوزی لینڈ کے خلاف بڑی جیت پاکستان کے لیے ایک ہلکی سی امید جگائے رکھے گی۔


