ٹی 20 ورلڈ کپ سپر 8 مرحلے کے میچ میں انگلینڈ سے 2 وکٹوں سے شکست کے بعد پاکستان کا سیمی فائنل میں پہنچنا مشکل ہوگیا لیکن ناممکن نہیں ہے۔
پالی کیلے میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کی جانب سے دیا گیا 165 رنز کا ہدف باآسانی 8 وکٹوں کے نقصان پر 19.1 اوورز میں حاصل کرلیا۔
کپتان ہیری بروک نے 50 گیندوں پر 100 رنز کی میچ وننگ اننگز کھیلی، ان کی اننگ میں 10 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے چار اوورز میں 30 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، عثمان طارق اور محمد نواز نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
یہ پڑھیں: ٹی 20 ورلڈ کپ سپر 8: انگلینڈ نے پاکستان کو 2 وکٹوں سے شکست دے دی
تاہم اس وقت گروپ 2 میں انگلینڈ اپنے دونوں میچز جیت کر 4 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے،پاکستان اور نیوزی لینڈ کے ایک ایک پوائنٹ ہیں جبکہ سری لنکا اب تک کوئی میچ نہیں جیتا۔
پاکستان کیسے سیمی فائنل میں جاسکتا ہے؟
انگلینڈ کے ہاتھوں شکست کے بعد اب ضروری ہے کہ پاکستان اپنے آخری میچ میں سری لنکا کو شکست دے۔اور پھر درجِ ذیل نتائج پاکستان کے حق میں ہوں۔
انگلینڈ اپنے آخری میچ میں نیوزی لینڈ کو ہرا دے جبکہ سری لنکا بھی نیوزی لینڈ کو شکست دے۔
اس صورت میں پاکستان 3 پوائنٹس کے ساتھ سیمی فائنل میں چلا جائے گا۔نیوزی لینڈ کے 1 اور سری لنکا کے 2 پوائنٹس ہوں گے۔
تاہم اگر انگلینڈ ، نیوزی لینڈ کو تو ہرا دے، لیکن نیوزی لینڈ، سری لنکا کو شکست دے دے، تو ایسی صورت میں پاکستان اور نیوزی لینڈ دونوں کے 3، 3 پوائنٹس ہوں گے اور پھر فیصلہ رن ریٹ کی بنیاد پر ہوگا۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


