کینڈی (23 ستمبر 2026): پاکستان ٹیم کے اوپنر صاحبزادہ فرحان نے کہا ہے کہ کل کے میچ کے لیے ہمارے پاس پلان ہے انگلینڈ کو ٹف ٹائم دیں گے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان ٹیم کے اوپنر صاحبزادہ فرحان نے انگلینڈ کے خلاف میچ سے ایک روز قبل کینڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر انگلش ٹیم کے پاس پلان ہے تو ہمارے پاس بھی ایک پلان ہے۔ ہمارے پاس بہترین اسپنرز ہیں اور کل میچ میں ہم حریف کو ٹف ٹائم دیں گے۔
صاحبزادہ فرحان نے کہا کہ بارش ہمارے ہاتھ میں نہیں، لیکن پراعتماد ہیں اور مورال بلند ہے۔ بیٹنگ یا بولنگ کا فیصلہ کپتان اور کوچ کا ہے، ہمارا کام صرف کھیلنا ہے۔
قومی اوپنر نے کہا کہ ہماری بولنگ اچھی ہو رہی ہے اور اس میں مزید بہتری آئے گی۔ تاہم بیٹنگ میں کولیپس کر رہے ہیں اور اس بارے میں سوچنا ہوگا۔ ٹاپ آرڈر سے اننگز کو لمبا لے کر چلنا ہے، اس پر کام کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سنچری سے اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے، لیکن کرکٹ ٹیم گیم ہے اور سب کو ذمہ داری لینی چاہیے۔ میری کوشش ہوتی ہے کہ اننگز کو لمبا لے کر چلوں، لیکن یہ نہیں ہونا چاہیے کہ اگر اوپنرز نے کچھ نہیں کیا، تو نیچے سے بھی کچھ نہ ہو۔
صاحبزادہ فرحان نے کہا کہ صائم ایوب امپیکٹ پلیئر ہے اور امید ہے کہ وہ اگلے میچوں میں اچھا کھیلے گا۔ ایسی بات نہیں کہ جوفر آرچر کی وجہ سے مشکل ہوگی۔ ہمارے پاس بھی تگڑے بولرز ہیں۔
قومی اوپنرز نے دی ہنڈرز میں پاکستانی پلیئرز کو نہ لینے کے حوالے سے کہا کہ لیگز میں کون ہمیں لیتا ہے، کون نہیں۔ یہ ہمارے ہاتھ میں نہیں، تاہم اس وقت پورا فوکس ورلڈ کپ پر ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ابھی کوہلی کا ورلڈ کپ میں زیادہ رنز کا ریکارڈ توڑنے کا نہیں سوچ رہا، صرف زیادہ سے زیادہ رنز کرنے کی کوشش ہے۔ تاہم ریکارڈ ٹوٹنے کے لیے ہی ہوتے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان کل سپر ایٹ میں اپنا اہم میچ انگلینڈ کے خلاف کھیل رہا ہے اور سیمی فائنل تک پہنچنے کے لیے کل کا میچ جیتنا بہت ضروری ہے۔
’’پاکستان ٹیم جارحانہ کرکٹ کھیلے‘‘ سابق بھارتی کرکٹر کا مشورہ


