اشتہار

’سلمان آغا کپتانی کا اہل نہیں‘

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی (25 فروری 2026): ٹی 20 ورلڈ کپ سپر ایٹ کے اہم میچ میں انگلینڈ سے شکست کے بعد قومی کپتان سلمان علی آغا کی قائدانہ صلاحیتوں پر سوال اٹھ گئے۔

آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں کل پاکستان سپر ایٹ مرحلے کے اہم میچ میں انگلینڈ سے ہار گیا، جس کے بعد اس کا سیمی فائنل میں جانا ہر بار کی طرح اگر مگر کا شکار ہو گیا ہے۔

ٹیم کی اس کارکردگی اور فیلڈ میں غلط فیصلوں کے بعد سلمان علی آغا کی قیادت پر سوالات اٹھ گئے ہیں اور کہا جا رہا ہے کہ وہ پاکستان ٹیم کی کپتانی کے اہل ہی نہیں ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’’خبر‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے سابق ٹیسٹ کرکٹر باسط علی نے کہا کہ انگلینڈ نے میچ جیتنے کی پلاننگ کی جب کہ ہماری کوئی پلاننگ نظر نہیں آئی۔ سلمان علی آغا نے بالکل بیکار کپتانی کی۔

باسط علی نے کہا کہ آٹھویں اوور میں عثمان طارق نے آتے ہی وکٹ لی تو کپتان نے پھر اسے ہٹا دیا اور بارھویں اوور میں لائے۔ اس کو مسلسل چار اوور کراتے تو ہیری بروک کی وکٹ مل سکتی تھی، لیکن ہم نے اس کی سنچری بنوا دی۔

ان کا کہنا تھا کہ 164 کے اسکور پر بھی ہم جیت سکتے تھے۔ آخری اوور میں جب ہمیں دو وکٹیں چاہئیں تھے۔ ہمیں شاداب کو لانا چاہیے تھا اور اس کو کہتے کہ عادل کی طرح سلائیڈ بولنگ کرے، لیکن یہاں فاسٹ بولر کو گیند تھما دی گئی۔

 

اگر کوئی اور کپتان ہوتا تو وہ اپنا نمبر تبدیل کرتا اور بابر کو نمبر تین پر بھیج کر خود نمبر چار پر آتا، لیکن یہ بھی نہیں کیا گیا۔ آپ کسی کلب کی نہیں بلکہ پاکستان کی قیادت کر رہے ہو۔ یہ فیصلے بتاتے ہیں کہ سلمان علی آغا قومی ٹیم کی کپتانی کے اہل نہیں۔

سابق کپتان محمد حفیظ نے سرکاری ٹی وی پر اسپورٹس پروگرام میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ٹی 20 کی قیادت کا حق دار شاہین شاہ آفریدی ہے، لیکن سال ڈیڑھ سال پہلے اس کو ہٹانا غلطی تھی۔ اس کے بعد بابر کو واپس لانا غلطی۔

محمد حفیظ نے کہا کہ اس غلطی کے اوپر ایک اور غلطی یہ کی کہ سلمان علی آغا کو کپتانی دے دی۔ اس کو وہ جاب دے دی گئی، جس کا وہ اہل ہی نہیں بنتا۔ یہ پاکستان کرکٹ کے ساتھ زیادتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اب ایک اور بڑی غلطی کریں گے کہ کپتان کو ہٹا دیں گے۔ کسی بھی آئی سی سی ایونٹ کے بعد کپتان کو ہٹانا اس کے ساتھ زیادتی ہوتی ہے۔ اگر غلطی ہو گئی تو اس کو ہٹانے کے بجائے اسی کے ساتھ چلنا چاہیے لیکن اس کا کردار بتانا چاہیے۔

سابق کپتان نے کہا کہ سلمان علی آغا کا ٹیم میں کردار نمبر چار پر بیٹنگ کا ہے، کیونکہ اس وقت ٹیم میں اسپنر کو اس سے اچھا کھیلنے والا کوئی اور بیٹر نہیں جب کہ فاسٹ بولنگ پر وہ محدود ہے۔

بھارت کے سیئنر اسپورٹس جرنلسٹ وکرانت گپتا نے بھی سپر ایٹ مرحلے میں پاکستان کی انگلینڈ سے شکست کی وجہ سلمان علی آغا کی خراب کپتانی کو قرار دیا ہے۔

وکرانت گپتان نے سوشل میڈیا ایپ ایکس پر پوسٹ میں لکھا کہ بالکل بھارتی ٹیم کے کھیل کی طرح سلمان علی آغا کی کپتانی بھی بری ہے۔ جب ان کے سب سے بڑے ٹرمپ کارڈ عثمان طارق نے آٹھویں اوور میں وکٹ لی اور رن بھی نہیں دیا تو کپتان نے اس کو ہٹا کر اگلے تین اوورز میں دوسرے بولرز سے 36 رنز بنوا دیے۔

بھارتی صحافی نے کہا کہ تین اوورز بعد عثمان طارق کو اس وقت دوبارہ لایا گیا، جب عملی طور پر کھیل پاکستان کے ہاتھ سے نکل چکا تھا۔

 

وکرانت گپتا نے کہا کہ ناقص کپتانی کی اس سے بڑی مثال کیا ہوگی کہ اگر وہ 164 رنز کے اسکور کے ساتھ یہ میچ نہ جیت سکے تو وہ ممکنہ طور پر کوئی بھی میچ نہیں جیت سکتے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں