کولمبو (6 فروری 2026): پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ میں ٹیم کامبی نیشن اہم ہے چاہے سینئر کھلاڑی ڈراپ کرنا پڑے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے کولمبو میں آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے آغاز سے قبل پری میچ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ورلڈ کپ کے لیے اپنے عزائم بتاتے ہوئے کہا کہ ہم مسلسل 6 ماہ سے اچھی کرکٹ کھیل رہے ہیں۔ اچھی تیاری ہے، ورلڈ کپ جیت سکتے ہیں۔
پاکستان کپتان نے کہا کہ تیاری اچھی ہے، بس اب پلان پر کام کرنا ہے، تمام میچز جیتنے کی کوشش کریں گے۔ ہم گروپ کے تینوں میچز جیت جاتے ہیں تو رن ریٹ کی اہمیت نہیں ہوگی۔
سلمان علی آغا نے یہ بھی کہا کہ ہم پر پہلے میچز کا دباؤ نہیں، ہر میچ میں اپنا بہترین کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے۔ ہم وہی کھلائیں گے، جو کمبی نیشن ہمارے لیے اچھا ہوگا، پھر چاہے سینئر کھلاڑی ہی کیوں نہ ڈراپ کرنا پڑے۔
عثمان طارق کے بولنگ ایکشن سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس کے ایکشن میں کوئی ایشو نہیں وہ 2 بار کلیئر ہو چکا ہے۔ اب کیا وہ گلے میں لکھ کر ڈالے لے کہ اس کا ایکشن کلیئر ہے۔
مختلف سوالات پر پاکستان کپتان نے ازراہ مذاق کہا کہ پریس کانفرنس میں کرکٹ سے ہٹ کر دوسرے سوال زیادہ ہوتے ہیں، جو اچھی چیز نہیں۔ عثمان طارق ہمارے لیے ایکس فیکٹرکی حیثیت رکھتے ہیں۔ میں تین نمبر پر اچھا کھیل رہا ہوں تو اسی نمبر پر ہی کھیلوں گا۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کا آغاز کل سے بھارت اور سری لنکا کی مشترکہ میزبانی میں ہو رہا ہے۔ پاکستان اپنی مہم کا آغاز کل نیدرلینڈز کے خلاف میچ سے کرے گا جب کہ 15 فروری کو شیڈول بھارت کے خلاف میچ حکومت پاکستان پہلے ہی نہ کھیلنے کا اعلان کر چکی ہے۔
پاکستان کے بائیکاٹ فیصلے کے باوجود بھارتی ٹیم کولمبو کیوں جانا چاہتی ہے؟ اہم خبر
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


