کولکتہ (9 فروری 2026): ٹی 20 ورلڈ کپ کے ساتویں میچ میں اسکاٹ لینڈ نے اٹلی کو 73 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے دی۔
کولکتہ کے ایڈن گارڈن پارک میں کھیلے گئے میچ میں اسکاٹ لینڈ کی جانب سے دیے گئے 208 رنز کے پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں اطالوی ٹیم مکمل 20 اوورز بھی نہ کھیل سکی اور پوری ٹیم 16.4 اوورز میں 134 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
بین مننتی نے نصف سنچری بنائی اور 31 گیندوں پر 52 رنز کی برق رفتار اننگ کھیلی جب کہ ہیری مننتی 37 رنز بنائے۔ تاہم دیگر کھلاڑی ان کا ساتھ نہ دے سکے۔
اٹلی کی آخری 5 وکٹیں صرف 5 رنز کے اضافے پر گریں۔ کپتان وینے میڈسن فیلڈنگ کے دوران کندھا ڈس لوکیٹ ہونے کے باعث میچ سے باہر ہو گئے اور بیٹنگ کے لیے نہ آ سکے۔
اسکاٹ لینڈ کی جانب سے سب سے کامیاب بولر مائیکل لیسک رہے، جنہوں نے صرف 17 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ مارک واٹ نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل اسکاٹ لینڈ کی ٹیم نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 207 رنز بنائے۔ جارج منس نے 84 رنز کی برق رفتار اننگ کھیلی۔ آخری لمحات میں برینڈن میک مولن نے 18 گیندوں پر 41 اور مائیکل لیسک نے صرف 5 گیندوں پر 22 رنز کی نا قابل شکست اننگز کھیلیں۔
مائیکل لیکس کو ان کی آل راؤنڈ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ اسکاٹ لینڈ کا یہ دوسرا میچ تھا۔ پہلے میچ میں اس کو ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں 35 رنز سے شکست ہوئی تھی۔
دریں اثنا آج ٹی 20 ورلڈ کپ کے مزید دو میچز کھیلے جا رہے ہیں۔ ایک میچ عمان اور زمبابوے جب کہ کینیڈا اور جنوبی افریقہ کے درمیان میچ شام ساڑھے 6 بجے کھیلا جائے گا۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


