کراچی (5 فروری 2026): آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ دو روز بعد شروع ہو رہا ہے میگا ایونٹ کے لیے آل راؤنڈر شاداب خان نے منفرد فرمائش کر دی۔
آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کا میلہ دو روز بعد 7 فروری سے بھارت اور سری لنکا کی مشترکہ میزبانی میں شروع ہو رہا ہے۔ 8 فروری تک جاری رہنے والے میگا ایونٹ میں پہلی بار 20 ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں۔
پاکستان ٹیم اپنے تمام میچز ہائبرڈ ماڈل کے تحت سری لنکا میں کھیل رہی ہے اور ورلڈ کپ میں اپنی مہم کا آغاز ہفتہ 7 فروری کو نیدرلینڈز کے خلاف میچ سے کرے گی۔
ٹورنامنٹ کے آغاز سے قبل پاکستانی آل راؤنڈر شاداب خان نے کرکٹ فینز سے منفرد فرمائش کر دی ہے۔
شاداب خان نے پاکستان قوم سے کہا ہے کہ ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کے لیے دعا کریں کیونکہ دعاؤں کے سبب ہم رمضان میں اچھا کھیلتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پچھلے آئی سی سی ٹورنامنٹس پاکستان کے لیے خراب رہے۔ اس بار ٹی 20 ورلڈ کپ جیت کر قوم کو خوشیاں دینا چاہتے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان نے 1992 کا ورلڈ کپ عمران خان کی قیادت میں جب جیتا تھا تو وہ رمضان المبارک کا مہینہ تھا جب کہ 2017 میں سرفراز احمد کی قیادت میں پاکستان نے پہلی بار چیمپئز ٹرافی جیتی تو حسن اتفاق سے یہ بھی ماہ مقدس رمضان تھا۔ جب کہ اولین ٹی 20 ورلڈ کپ بھی رمضان المبارک میں کھیلا گیا تھا، جس میں پاکستان فائنل میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد بھارت سے صرف 4 رنز سے ہارا تھا۔
رواں برس رمضان المبارک کا آغاز خطے میں 19 یا 20 فروری سے ہوگا اور ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے فائنل، سیمی فائنل اور سپر ایٹ مرحلے سمیت ابتدائی راؤنڈ کے بھی بیشتر میچز اس ماہ مقدس میں ہی کھیلے جائیں گے۔
پاکستان نے بنگلہ دیش کا ساتھ دے کر اچھا کام کیا، سابق انگلش کپتان
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


