کراچی (24 فروری 2026) پاکستانی کرکٹ اسٹار بابر اعظم کا ستارہ گردش میں ہے ایک نوجوان نے مولانا سے انہیں ٹیم سے نکالنے کا وظیفہ پوچھ لیا۔
پاکستان کے سابق کپتان اور کئی عالمی ریکارڈ اور ایوارڈ رکھنے والے اسٹار بیٹر بابر اعظم کی فارم طویل عرصہ سے روٹھی ہوئی ہے اور وہ رواں ورلڈ کپ کے ابتدائی تین میچز میں بھی کوئی نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر سکے۔
بابر اعظم سے ان کی فارم کیا روٹھی کہ ان کے ستارے گرد میں آ گئے اور بابر کو سر کا تاج بنانے اور کنگ کا خطاب دینے والے شائقین کرکٹ اب انہیں ٹیم سے نکالنے کے مطالبے کر رہے ہیں۔
تاہم ایک کرکٹ شائق نے تو حد کر دی اور ایک لائیو شو کے دوران اس نے پروگرام میں شریک مولانا سے بابر اعظم کو کرکٹ ٹیم سے نکالنے کا وظیفہ پوچھ لیا، جس پر پروگرام کی میزبان اور خود مولانا بھی حیران رہ گئے۔
ایک مقامی نجی ٹی وی کی رمضان ٹرانسمیشن میں ایسے ہی دل جلے پاکستانی شائق نے لائیو کال کر کے پروگرام میں شریک مولانا سے بابر اعظم کو ٹیم سے نکالنے کا وظیفہ پوچھ لیا۔
اس موقع پر مولانا نوجوان کے سوال کا جواب گول کر گئے اور کرکٹرز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ جب میدان میں چھکا لگاتے ہیں تو یہاں گھروں میں بیٹھے لوگ تالیاں بجاتے ہیں، آپ کو دیکھ کر کرکٹ کھیلتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کھیل کو کھیل نہ بنائیں، یہ آپ کے اوپر ایک ذمہ داری ہے۔ آپ جب میدان میں جاتے ہیں تو پڑوسی ملک کا نام سن کر آپ پر سکتہ کیوں طاری ہوجاتا ہے؟ کرکٹ ٹیم کو بنیان المرصوص میں دشمن کے جہاز گرانے والی افواج پاکستان سے تربیت کی ضرورت ہے۔
’پاکستان کی جیت کے لیے انگلینڈ کیخلاف بابر اعظم سے اوپن کرائی جائے‘‘
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


