ٹی 20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل دوڑ میں شامل رہنے کیلیے پاکستان کو کل جنوبی افریقہ کیخلاف میچ بڑے مارجن سے میچ جیتنا لازم ہے لیکن میچ سے قبل قومی ٹیم کو بڑا دھچکا پہنچا ہے۔
آسٹریلیا میں جاری ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا سپر 12 مرحلہ اپنے آخری مراحل میں ہے تاہم دونوں گروپوں سے اب تک کوئی بھی ٹیم سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی نہیں کرسکی ہے، گروپ ٹو میں شامل پاکستان کو ٹورنامنٹ میں واحد فتح نیدر لینڈ کے خلاف ملی ہے اور اس کو سیمی فائنل دوڑ میں شامل رہنے کے لیے کل سڈنی میں جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں بڑے مارجن سے فتح حاصل کرنی ہے تاہم میچ سے قبل قومی ٹیم کو بڑا دھچکا پہنچا ہے اور جارح مزاج بلے باز فخر زمان میچ سے باہر ہوگئے ہیں۔
پاکستانی ٹیم کے میڈیا مینیجر نے تصدیق کردی ہے کہ فخر زمان کل کے میچ کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے، ان کی انجری نئی نہیں ہے بلکہ ان کی پرانی انجری بڑھ گئی ہے، کرکٹ میں رسک لینا پڑتا ہے، کبھی رسک ٹھیک جاتا ہے کبھی نہیں۔
سڈنی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے میڈیا منیجر نے اسٹار فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی سے متعلق کہا کہ ہم اس کی فٹنس سے مطمئن ہیں، انہوں نے اب تک میچوں میں اچھی کارکردگی دکھائی ہے۔
اس موقع پر فاسٹ بولر نسیم شاہ نے کہا کہ اب تک جو ہوگیا اسے واپس نہیں لاسکتے، آگے کی سوچ رہے ہیں، کل کے میچ کے لیے تیاریاں اچھی ہیں اور اچھا کھیلنے پر ہی فوکس ہے، نئی گیند کا اچھا استعمال کرنا اور وکٹیں لینا ترجیح ہے۔
دوسری جانب پاکستانی ٹیم کی کل کے میچ کے لیے تیاریاں جاری ہیں، قومی اسکواڈ نے گزشتہ روز سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں پریکٹس کی۔