کینڈی(22 فروری 2026): آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے سپر ایٹ مقابلے میں انگلینڈ نے سری لنکا کو 51 رنز سے شکست دے دی۔
سری لنکن ٹیم 147 رنز کے تعاقب میں 95 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ ول جیکس نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ لیام ڈاسن، عادل رشید اور جوفراآرچر نے 2، 2 وکٹیں لیں۔
کپتان داسن شاناکا نے 30 رنز ناکافی ثابت ہوئے، 7 کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہوئے۔ انگلینڈ نے پہلے کھیل کر 146 رنز بنائے تھے، اس نے سری لنکا کے خلاف مسلسل 12ویں کامیابی حاصل کی۔
واضح رہے کہ سری لنکا نے انگلینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے انگلینڈ کا آغاز مایوس کن رہا۔ وکٹ کیپر بیٹر جوز بٹلر صرف 7 رنز بنا کر دونتھ ویلالگے کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔
پاور پلے کے فوراً بعد جیکب بیتھل بھی 3 رنز بنا کر مہیش تھیکشنا کا شکار بنے، جس سے انگلش ٹیم 32 رنز پر دو وکٹوں سے محروم ہوگئی۔ ٹام بینٹن بھی صرف 6 رنز بنا سکے اور کپتان داسن شناکا کی تھرو پر رن آؤٹ ہوئے۔
اوپنر فل سالٹ نے ایک اینڈ سے مزاحمت جاری رکھی اور کپتان ہیری بروک کے ساتھ مل کر اسکور بورڈ کو آگے بڑھایا، تاہم ہیری بروک 14 رنز بنا کر ویلالگے کی دوسری وکٹ بن گئے۔
فل سالٹ نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی آٹھویں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ففٹی مکمل کی۔ انہوں نے 40 گیندوں پر 62 رنز کی دلکش اننگز کھیلی جس میں چھ چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔
View this post on Instagram
انگلینڈ کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں۔ سیم کرن 11 اور لیام ڈاؤسن 6 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ ول جیکس نے آخر میں 21 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی لیکن دلشان مدوشنکا نے انہیں اور جوفرا آرچر کو ایک ہی اوور میں آؤٹ کر کے انگلینڈ کی کمر توڑ دی۔ عادل رشید 1 اور جیمی اوورٹن 10 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
سری لنکا کی جانب سے دونتھ ویلالگے سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 26 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ دلشان مدوشنکا اور مہیش تھیکشنا نے 2، 2 جبکہ دشمنتھا چمیرا نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
سری لنکا کی جانب سے پتھم نسانکا، کامل مشارا، کوسل مینڈس (وکٹ کیپر)، پاون رتھنائیکے، کمنڈو مینڈس، داسن شناکا (کپتان)، دونتھ ویلالگے، دوشن ہیمنتھا، دشمنتھا چمیرا، مہیش تھیکشنا اور دلشان مدوشنکا ٹیم کا حصہ ہیں۔
جبکہ انگلینڈ کی جانب سے فلپ سالٹ، جوز بٹلر (وکٹ کیپر)، جیکب بیتھل، ٹام بینٹن، ہیری بروک (کپتان)، سیم کرن، ول جیکس، جیمی اوورٹن، لیام ڈاؤسن، جوفرا آرچر اور عادل رشید ٹیم میں شامل ہیں۔
View this post on Instagram
تاریخی طور پر ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں سری لنکا اور انگلینڈ کی ٹیمیں 17 بار ایک دوسرے کے مدمقابل آچکی ہیں، جس میں انگلینڈ کا پلڑا بھاری رہا ہے۔ انگلش ٹیم نے 13 میچز میں کامیابی حاصل کی جبکہ سری لنکا صرف 4 میچ جیت سکا ہے۔ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تاریخ میں دونوں ٹیمیں 6 بار ٹکرائی ہیں، جہاں انگلینڈ نے 5 میچز جیتے اور سری لنکا کو صرف ایک بار فتح نصیب ہوئی۔


