آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پانچویں میچ میں انگلینڈ نے نیپال کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد صرف 4 رنز سے شکست دے کر میگا ایونٹ میں فاتحانہ آغاز کیا ہے۔
آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے اپنے افتتاحی میچ میں جیکب بیتھل اور کپتان ہیری بروک کی نصف سنچریوں کی بدولت انگلینڈ نے نیپال کے خلاف مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 184 رنز بنائے۔
جس کے جواب میں نیپالی بلے بازوں نے جم کر بیٹنگ کی اور ہدف حاصل کرنے کی بھرپور کوشش کی تاہم آخری گیند پر چھکا لگا کر اپ سیٹ نہ کر سکے۔
آخری اوور میں جب نیپال کو جیت کے لیے 10 رنز درکار تھے اور بظاہر بڑا چیلنج نظر نہیں آ رہا تھا تاہم انگلش بولر سیم کرن نے تجربہ کار بولر کے طور پر زبردست بولنگ کر کے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا۔
نیپال نے ہدف کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 180رنز بنائے جس میں سپندرا سنگھ 44 رنز بنا کر نمایاں رہے.
وانکھیڑے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے انگلینڈ کا آغاز اچھا نہ تھا اور اوپنر فل سالٹ دوسرے اوور کی پہلی ہی گیند پر صرف ایک رن بنا کر شیر مالا کا شکار بن گئے۔
اس کے بعد وکٹ کیپر بیٹر جوس بٹلر اور جیکب بیتھل نے تیزی سے رنز بناتے ہوئے اننگز کو سہارا دیا، لیکن نندن یادو نے بٹلر کو 26 رنز پر آؤٹ کر دیا جس کے بعد انگلینڈ کا اسکور 4.3 اوورز میں 43 رنز پر دو کھلاڑی آؤٹ ہو گیا۔ دباؤ اس وقت مزید بڑھ گیا جب ٹام بینٹن بھی سندیپ لامیچانی کی گیند پر صرف دو رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
مشکل صورتحال میں جیکب بیتھل اور کپتان ہیری بروک نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور 71 رنز کی شراکت قائم کی۔ بیتھل نے اپنی تیسری ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل نصف سنچری مکمل کی اور 35 گیندوں پر 55 رنز بنا کر دیپندر سنگھ ایری کا شکار ہوئے۔ سیم کرن بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور صرف دو رنز بنا کر ایری کی دوسری وکٹ بن گئے۔
کپتان ہیری بروک نے شاندار بیٹنگ جاری رکھی اور اپنی چھٹی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل نصف سنچری مکمل کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور 150 سے آگے بڑھایا، وہ 32 گیندوں پر 53 رنز بنا کر نندن یادو کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
اننگز کے اختتام پر ول جیکس نے جارحانہ کھیل پیش کیا اور 18 گیندوں پر 39 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ جوفرا آرچر ایک رن بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔ نیپال کی جانب سے دیپندر سنگھ ایری اور نندن یادو نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
پلینگ الیون:
انگلینڈ کی ٹیم میں فل سالٹ، جوس بٹلر، جیکب بیتھل، ٹام بینٹن، ہیری بروک (کپتان)، سیم کرن، ول جیکس، لیام ڈاوسن، جوفرا آرچر، عادل رشید اور لیوک ووڈ شامل ہیں۔
جبکہ نیپال کی ٹیم میں کشال بھرتیل، آصف شیخ (وکٹ کیپر)، روہت پاوڈیل (کپتان)، دیپیندر سنگھ ایری، عارف شیخ، لوکیش بام، گلشن جھا، کرن کے سی، نندن یادو، سندیپ لامیچانے اور شیر ملا شامل ہیں۔
یہ پہلا موقع ہے کہ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں انگلینڈ اور نیپال کی ٹیمیں ایک دوسرے کے مدمقابل آئی ہیں۔
انگلینڈ کی ٹیم رواں ماہ کے آغاز میں سری لنکا کو ہوم سیریز میں کلین سویپ کرنے کے بعد یہاں پہنچی ہے، جبکہ نیپال نے ایشیا اور ای اے پی کوالیفائرز میں کامیابی حاصل کر کے اس 20 ملکی میگا ایونٹ کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں



