آسٹریلیا میں کھیلے جا رہے ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے کے گروپ ون کے میچ میں نیوزی لینڈ نے آئرلینڈ کو 35 رنز سے شکست دے دی ہے۔
ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے میچ میں 186 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آئرلینڈ مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز بنا سکی، کوئی بھی آئرش بلے باز نصف سنچری اسکور نہ کرسکا۔
پال اسٹرلنگ 37، بالبرینی 30 اور جارج ڈوکریل 23 رنز بنا کر نمایاں رہے، نیوزی لینڈ کی جانب سے فرگوسن نے تین وکٹیں حاصل کیں جب کہ مچل سینٹر، اش سودھی اور ٹم سوتھی نے دو دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
کیوی کپتان کین ولیمسن کو نصف سنچری اسکور کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
اس سے قبل آئرلینڈ نے ٹاس جیت پر نیوزی لینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، کیوی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 185 رنز بنائے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے کپتان کین ولیمسن نے نصف سنچری اسکور کی اور تین چھکوں، پانچ چوکوں کی مدد سے 61 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ڈیرل مچل نے ناقابل شکست 31 رنز بنائے جب کہ فن ایلن 32 اور ڈیون کانوے 28 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
آئرلینڈ کی جانب جوش لٹل سب سے کامیاب بولر رہے جنہوں نے 22 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، گریتھ ڈیلینی نے دو جب کہ ایک وکٹ حاصل کی، سب سے مہنگے بولر میک کارتھی ثابت ہوئے جنہوں نے بغیر کوئی وکٹ لیے مخالف ٹیم کو 46 رنز دے دیے۔
اس فتح کے بعد نیوزی لینڈ گروپ ون میں 7 پوائنٹ کے ساتھ سرفہرست ہوگیا ہے جب کہ انگلینڈ اور آسٹریلیا 5 پانچ پوائنٹ کے ساتھ بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔
اب تک ورلڈ کپ کے دونوں گروپوں میں کسی بھی ٹیم نے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی نہیں کیا ہے، گروپ ٹو میں اگر مگر کی صورتحال ہے تو گروپ ون میں بھی صورتحال بہت دلچسپ ہے اور دوسرے تیسرے نمبر پر موجود انگلینڈ اور آسٹریلیا کے ابھی ایک ایک میچ باقی ہیں۔
آسٹریلیا اگر افغانستان اور انگلینڈ سری لنکا کو شکست دے دیتی ہیں پھر گروپ میں نیوزی لینڈ سمیت تینوں ٹیموں کے سات سات پوائنٹ ہو جائیں گے اور سیمی فائنل کے لیے دو ٹیموں کا فیصلہ رن ریٹ پر ہوگا۔