بدھ, جنوری 22, 2025
اشتہار

ٹی 20 ورلڈ کپ: افغان کپتان نے سیمی فائنل میں شکست کی اہم وجہ بتا دی

اشتہار

حیرت انگیز

ٹی 20 ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں یکطرفہ مقابلے میں جنوبی افریقہ سے شکست کے بعد افغان کپتان راشد خان نے ہارنے کی اہم وجہ بتا دی۔

میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے افغانستان کے کپتان راشد خان نے کہا کہ آج میچ میں ہم شاید بہتر کر سکتے تھے، لیکن ہم جو کرنا چاہتے تھے، اس کی حالات نے اجازت نہیں دی اور ٹی 20 فارمیٹ ایسا ہے جس میں آپ کو تمام حالات کے لیے تیار رہنا پڑتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے لیے آج بہت مشکل دن تھا، جنوبی افریقہ نے بہترین بولنگ کی، تاہم یہ ٹورنامنٹ ہمارے لیے بہت اچھا تھا، بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا۔

- Advertisement -

راشد خان نے میچ میں شکست کی ذمے داری کسی بھی کھلاڑی پر عائد کرنے کے بجائے کہا کہ وہ اپنی ٹیم کی ایونٹ میں کارکردگی سے مطمئن اور بہت خوش ہیں۔ ہم نے اس ٹورنامنٹ میں اچھی بولنگ کی، فاسٹ بولرز کی اچھی کارکردگی کی وجہ سے اسپنرز کا کام آسان ہو گیا تاہم مڈل آرڈر بیٹنگ لائن اپ میں کچھ کام کرنا باقی ہے۔

افغان کپتان نے بعد ازاں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر ایک پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے کچھ تصاویر پوسٹ کرنے کے ساتھ اپنے پیغام میں لکھا کہ ہمیں یہ ٹورنامنٹ ہمیشہ یاد رہے گا۔ ٹیم کے ہر کھلاڑی نے جس طرح ڈٹ کر مقابلہ کیا وہ قابل ستائش ہے اور مجھے پوری ٹیم پر فخر ہے۔

راشد خان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئندہ ہم اس سفر کا آغاز یہیں سے کریں گے اور اگلی مرتبہ اس سے بھی زیادہ مضبوطی سے کم بیک کریں گے۔

 

راشد خان نے ٹیم کی سپورٹ کرنے والے ہر فرد کا شکریہ بھی ادا کیا۔

واضح رہے کہ ٹرینیڈاڈ کے برائن لارا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تاہم پوری ٹیم محض 11.5 اوور میں 56 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی، 9 کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہو سکے جبکہ صرف عظمت اللہ ززئی 10 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقی ٹیم نے 8.5 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر ٹارگٹ حاصل کرلیا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں