ممبئی: آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 کے اپنے پہلے مقابلے میں میزبان بھارت نے امریکا کو 29 رنز سے شکست دےدی۔
امریکا کی نوآموز ٹیم نے بھارت کو اس کے گھر میں تارے دکھا دیے، بھارتی سورما جو ورلڈکپ سے قبل کسی کو خاطر میں نہیں لارہے تھے امریکی بولرز کے سامنے بھیگی بلی نظر آئے، تاہم ایک کیچ نے امریکا کو میچ ہروادیا، بھارتی کپتان سوریا کمار کا کیچ چھوڑنا امریکا کےلیے ڈراؤنا خواب ثابت ہوا۔
کیچ چھوٹنے کے بعد بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو نے 84 رنز کی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا، انھوں نے اپنی اننگز سے میچ میں بھارت کو قابل قدر مجموعے تک پہنچنے میں مدد دی۔
بھارتی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 161 رنز اسکور کیے، ایک مرحلے پر بھارتی ٹیم کے صرف 77 رنز پر 6 کھلاڑی آؤٹ ہوچکے تھے۔
تاہم سوریا کمار کی نصف سنچری اور آخری اوور میں 21 رنز کی بدولت بھارتی ٹیم میچ وننگ ٹوٹل تک پہنچنے میں کامیاب رہی۔
امریکن بولر شیڈلی وین شالک وِک نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 4 اوورز میں 25 رنز دے کر 4 بھارتی بیٹرز کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ ہرمیت سنگھ نے 26 رنز دیکر 2 وکٹیں حاصل کیں۔
شکست خوردہ امریکی ٹیم 162 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 132 رنز بناسکی، شبھم اور سنجے 37،37 رنز بناکر نمایاں رہے۔
بھارت بولر محمد سراج نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ عرشدیب سنگھ اور اکشرپٹیل نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں، بھارتی کپتان کو عمدہ باری کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
جسپریت بمراہ کو ٹی 20 ورلڈ کپ کا پہلا میچ نہ کھلانے کی وجہ سامنے آگئی
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


