کراچی: ایف آئی اے اہلکاروں کی ملی بھگت سے ٹڈاپ اسکینڈل کے ملزم کے ای سی ایل میں نام ہونے کے باوجود بیرون ملک سے یہاں آنے اور واپس چلے جانے کا انکشاف ہواہے۔
تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے اسپیشل برانچ کی مبینہ ملی بھگت سے ٹڈاپ اسکینڈل کا ملزم شہباز دبئی سے کراچی آیا اور فرار بھی ہوگیا۔
سال 2013ء میں بیرون ملک فرار ہونے والا ملزم شہباز 5 روز پہلے دبئی سے پرواز نمبر ای کے 608 کے ذریعے کراچی آیا تھا، اس کا نام ای سی ایل میں ہونے کے باوجود اسے نہ روکا گیا اور نہ گرفتار کیا گیا۔
اطلاعات ہیں کہ ملزم ٹڈاپ،فریٹ سبسڈی کرپشن کیس کی مد میں کروڑوں کا نقصان پہنچا چکا ہے اور سیکیورٹی اداروں کو مطلوب ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز ایف آئی اے،اسپیشل برانچ کی ملی بھگت سے بیرون ملک فرار ہوا، ملزم کو فرار کرانے پر اسپیشل برانچ کے انسپکٹر سمیت 3 اہلکاروں کو معطل کرکے ان کے خلاف تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔
ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ اہلکاروں کو زونل آفس بھیج دیا گیا ہے اور انہیں شوکاز نوٹس جاری کردیا گیا ہے۔