The news is by your side.

طاہر مشہدی کا ایم کیو ایم پاکستان چھوڑنے کا اعلان

اسلام آباد: ایم کیو ایم کے باہمی اختلافات کے باعث سینئر رہنما طاہر مشہدی نے پارٹی کو خیرباد کہہ دیا، متحدہ رہنما کہتے ہیں کہ عوامی مینڈیٹ کی مزید توہین نہیں دیکھ سکتا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، طاہر مشہدی نے کہا کہ پارٹی میں شامل لوگ آج اقتدار کے لیے دست و گریبان ہیں، اقتدار کے لیے لڑنے والے دونوں گروپ لالچی ہیں۔

 طاہر مشہدی نے کہا کہ ایم کیو ایم قیادت سے متوسط طبقے کی نمائندگی کی توقع نہیں ہے، ایم کیو ایم پاکستان کا کوئی مستقبل نظر نہیں آرہا، رہنماؤں کے طرز عمل نے پارٹی کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔

انہوں نے کہا کہ پی آئی بی اور بہادر آباد گروپس کی جانب سے عوامی مینڈیٹ کی توہین نہیں دیکھ سکتا، رابطہ کمیٹی کی انا، خود غرضی، ہٹ دھرمی نقصان کی وجہ ہے۔

طاہر مشہدی نے کہا کہ رابطہ کمیٹی نے عوامی اختیار، باہمی اعتماد کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا، ایماندار لوگ ایم کیو ایم پاکستان کی باگ ڈور سنبھالیں۔

انہوں نے کہا کہ دونوں گروپس نے جھوٹ بول کر عوامی اختیارات کا غلط استعمال کیا، رابطہ کمیٹی اراکین عوامی اختیار کو پیسہ بنانے میں ضائع کررہے ہیں۔

واضح رہے کہ ایم کیو ایم کے پی آئی بی اور بہادر آباد دھڑوں کی لڑائی کے باعث سینیٹ الیکشن میں بھی متحدہ صرف ایک نشست حاصل کرسکی تھی۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

Print Friendly, PDF & Email

Comments

comments

یہ بھی پڑھیں