لاہور : پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ دنیا کا کوئی حکمران پیسے کے لیے اتنا بدنام نہیں ہوا جتنا شریف برادران ہوئے، حکمران دنیا کے سامنے خود بھی بے عزت ہوئے اور قوم کو بھی کیا۔
کراچی سے لاہور پہنچنے کے بعد ائیرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹرطاہرالقادری نے کہا کہ پاناما کیس میں شریف برادران دنیا کے سامنے ننگے ہوچکے ہیں، میں ہوتا تو کبھی پاناما کیس لے کر سپریم کورٹ نہ جاتا۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ پر اعتماد ہے لیکن ہمارا قانون اتنا کمزور ہے کہ طاقتور پر ہاتھ نہیں ڈال سکتا، خدا نہ خواستہ اگر یہ لوگ قانون کی گرفت سے بچ گئے تو میڈیا اور انسانی حقوق ذبح کردیں گے، اس ملک کے قانون نے غریب کے علاوہ کبھی طاقتور پر ہاتھ نہیں ڈالا۔
مزید پڑھیں : ملک میں بادشاہت کی راہ ہموارکی جارہی ہے‘ طاہر القادری
سربراہ عوامی تحریک نے کہا کہ اپنے کارکنوں کی طاقت اور پیسہ ضائع نہیں کرنا چاہتا، احتجاجی تحریک کے دوسرے مرحلے کا اعلان وقت آنے پر کروں گا، ظالم اور جابر حکمران کے سامنے مجھ جیسا کوئی فقیر ہی آواز بلند کرسکتا ہے، خدا کا شکر ہے کہ عوامی تحریک کے کارکنوں کی آف شور تو کیا آن شور بھی کوئی کمپنی نہیں۔
ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کے انصاف سے مایوس نہیں ہوا، اللہ پر پورا یقین ہے ایک دن انصاف ملے گا، ہماری جیت یہی ہے کہ قارعون کی دولت اور فرعون کی طاقت کے سامنے جھکے نہیں۔
اس سے قبل پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہرالقادر ی کا کہنا تھا کہ حکمران کرپشن کو تحفظ دے رہے ہیں، دوہزار اٹھارہ میں الیکشن نہیں سلیکشن ہوگا، جب تک عوام کرپشن کیخلاف کھڑی نہیں ہوگی کرپشن کا خاتمہ نہیں ہوسکتا۔