لاہور: پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ نوازشریف کو کسی سیاسی جماعت نے نہیں بلکہ سپریم کورٹ نے آرٹیکل 62 ، 63 پر پورا نہ اترنے کی وجہ سے نااہل قرار دیا۔
منہاج القرآن کے مرکز کی جانب سے جاری اعلامیے میں ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ نوازشریف یہ تاثر دے رہے ہیں کہ اُن کی حکومت ختم کردی گئی، آئین پاکستان میں جمہوری حکومت کی مدت کا تعین لیکن حکمراں ہونے کے لیے کچھ شرائط بھی موجود ہیں۔
ڈاکٹرطاہر القادری نے کہا کہ نواز شریف کو آئینی مدت پوری کرنے کی شق یاد ہے مگر حق حکمرانی رکھنے کی شرط آرٹیکل 63،62 کو بھول گئے جس کی بنیاد پر مسلم لیگ ن کے وزیراعظم کو کسی سیاسی جماعت نہیں بلکہ سپریم کورٹ نے نااہل قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ آئین کا آرٹیکل 14 انسانی جان کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے لیکن ماڈل ٹاؤن میں گرائی گئی 14 لاشوں کا 3 سال سے حساب مانگ رہے ہیں اور لواحقین انصاف کی راہ تک رہے ہیں لیکن کہیں سنوائی نہیں ہو رہی ہے۔
عوام کے ووٹوں کی حرمت کے لیے باہر نکلا ہوں، جلد ایجنڈا دوں گا، نواز شریف
سربراہ پاکستان عوامی تحریک نے کہا کہ ماڈل ٹاؤن سانحہ کی شفاف تحقیقات میں رکاوٹیں ڈالی گئیں یہاں تک کہ جسٹس باقرنجفی کمیشن کی رپورٹ کو بھی روکا گیا اور حکومت اسے شائع کرنے کے بجائے مختلف حیلے بہانوں سے کام لے رہی ہے۔
طاہرالقادری نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے ریاستی اداروں کو للکار رہے ہیں اور آج بھی اپنی تقریروں میں توپ کا رخ اداروں کی جانب رکھا اور ایک بار پھر سپریم کورٹ پر حملہ کیا گیا۔