وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کا کہنا ہے کہ عمران خان سمجھتا ہے کہ جتنا انتشار ہوگا پاکستان کمزور ہوگا۔
اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ آپ کا ایمان اور سیاسی سوچ غیرمتزلزل ہے، پی ٹی آئی بیرون ملک لابنگ کرکے پاکستان کے خلاف سازش کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے ہمدردوں کے ساتھ بھی وہی سلوک ہوگا جو ان کے ساتھ ہوتا ہے، یہ واضح کردیتے ہیں کہ اب ایک لفظ بھی برداشت نہیں کریں گے۔
طلال چوہدری نے کہا کہ آپ کو اتنی محبت ہے تو افغانستان چلے جائیں ورنہ ہم چھوڑ آئیں گے، پاکستانیوں کے خون سے کسی کو کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
وزیر مملکت نے کہا کہ آپ دہشت گردوں کے لیے نرم رویہ رکھ کر سیاست کے خلاف کام کررہے ہیں، پاکستان میں دہشت گردی کی کوئی گنجائش نہیں ہے، پی ٹی آئی کا نرم رویہ دہشت گردوں کے لیے اسپیس پیدا کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کے دو درجن ممالک تسلیم کرچکے ہیں کہ دہشت گردی افغانستان سے ہورہی ہے اس میں کوئی ابہام کی گنجائش نہیں ہے۔
طلال چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی کی پالیسی دہشت گرد گروہوں کو آپریٹ کرنے کا موقع دیتی ہے۔


