تازہ ترین

ملک میں لاڈلوں کو مسلط کرنے کے لیے الیکشن نہیں ہوگا، طلال چوہدری

فیصل آباد: مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری کا کہنا ہے کہ عمران خان نے نظام انصاف کو لنگڑا کردیا ہے، ملک میں لاڈلوں کو مسلط کرنے کے لیے الیکشن نہیں ہوگا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے پاکستان کا نظام انصاف وہیل چیئر پر ڈال دیا ہے، میرا سوال ہے فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ کیا قیامت کے دن آئے گا، الیکشن کی جلدی ہے تاکہ عمران خان کا حساب نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ شفاف الیکشن تب ہوں گے جب ملک میں ایک وقت میں الیکشن ہوں گے۔

طلال چوہدری نے کہا کہ ملک کے لوگ پارلیمنٹ کی طرف دیکھ رہے ہیں، پارلیمنٹ قراردادیں پاس کررہی ہے مگر ادارے سنجیدہ نہیں لے رہے، قراردادوں پر عمل کرکے دکھائیں صرف قراردادیں پاس کرکے نہ دکھائیں۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ نواز شریف کو نااہل کرکے ملک میں ایک خاص قسم کا ماحول بنایا گیا۔

طلال چوہدری نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن نے دہشت گردی اور لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کردیا تھا، حالیہ دہشت گردی کے واقعات میں سپاہیوں اور اساتذہ کی شہادت قابل مذمت ہے۔

Comments