The news is by your side.

Advertisement

تلاشی لینے کے خواہش مند اپنی تلاشی کیوں نہیں دیتے،طلال چوہدری

اسلام آباد : پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چودھری نے تحریک انصاف کے سربراہ سے سوال کیا کہ نواز شریف کا کاروبار جدی پشتی ہے جب کہ عمران خان نے تو چنے کی ریڑھی بھی نہیں لگائی تو پھر یہ شان و شوکت اور دولت کہاں سے آئی؟

پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چودھری نے کہا ہے کہ نواز شریف کا خاندان ایک کامیاب تاجر گھرانہ ہے جس نے اپنی محنت اور لگن سے قیام پاکستان کے بعد پنجاب میں اپنے کاروبار کا آغاز کیا تھا اور دن دگنی رات چوگنی ترقی کے بعد اس مقام پر پہنچے جس کے گواہ پنجاب کے عوام خود ہیں۔

طلال چوہدری نے سوال کیا کہ ایک کھلاڑی جس کی شان و شوکت کسی بادشاہ سے کم نہیں،جس نے کبھی ایک چنے کی ریڑھی بھی نہیں لگائی پھر یہ محل اور یہ دولت کہاں سے آئی پہلے اس کا حساب تو دیا جائے۔

طلال چوہدری نے تحریک انصاف سے سوال کیا کہ اسلام آباد سو دن بھی بند رہے تو نتیجہ کیا آئے گا ؟ کیا آپ کو اتنی اکثریت مل جائے گی کہ قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد لاسکیں ؟ کیوں کہ حکومت کی برخاستگی کا اس کے علاوہ اور کوئی طریقہ کار نہیں۔

انہوں نے دو نومبر کے دھرنے کے لیے شیخ رشید کے کردار پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ شیخ رشید ایسا تاثر پیدا کررہے ہیں کہ ان کی تحریک کے پیچھے ایک اہم ، قابل عزت اور مقتدر ادارہ ہے،یہ چاہتے ہیں کہ دنیا میں یہ تاثر دیا جائے کہ حکومت چلنے کے قابل نہیں۔

طلال چوہدری نے مزید کہا کہ اسلام آباد بند کرنے کا جواز اب نہیں رہا،عمران خان کہتے تھے کہ ادارے اپنا کام نہیں کررہے تا ہم سپریم کورٹ کی جانب سے پاناما پیپرز کیس میں فریقین کو نوٹس بھیجوانے کے بعد یہ جواز اور بہانہ دم توڑ گیا ہے۔

انہوں نے عمران خان کی جانب سے دھرنے کے لیے فی کارکن سو سو روپے چندہ وصولی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ناچ گانا دیکھنے والوں کے لیے 100 روپے کا ٹکٹ برا نہیں ہے،سو روپے میں کم ہی کنسرٹ دیکھنے کو ملتے ہیں،افسوس کا امر یہ ہے کہ سو سو روپے لیکر لوگوں کے کاروبار کو بند کرنے کی سازش رچائی جا رہی ہے۔

طلال چوہدری نے عمران خان کی جانب سے لگائے گئے الزام کے جواب میں کہا کہ خورشید خانم کینسر اسپتال کو سب سے پہلے چندہ دینے والی شخصیت نوازشریف کی تھی،ہم تو یہ اسپتال بنانے والے ہیں،اسپتال پرحملہ کرنے والے نہیں،یہ آپ ہیں جو اسپتال کے پیچھے چھپتے ہیں۔

انہوں نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ تلاشی لینے کے خواہش مند خود اپنی تلاشی دینے کو تیار نہیں حالانکہ کوئی موثر ذریعہ آمدنی نہ ہونے کے باوجود آپ کا طرز زندگی شاہانہ ہے۔

Comments

comments

یہ بھی پڑھیں