اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے افغان وفد کو اسلام آباد جانے کی اجازت دے دی۔
ذرائع کے مطابق اقوام متحدہ کے 6 مئی کو ہونے والے اجلاس کے لیے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے افغان وفد کو اسلام آباد جانے کی اجازت دے دی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق امیر خان متقی پر سلامتی کونسل کی جانب سے طویل عرصے سے سفری پابندی عائد تھی جبکہ ان کے اثاثے بھی منجمد ہیں۔
افغان عبوری وزیر خارجہ اقوام متحدہ کی سفری پابندی کے تحت ہیں، انہیں کسی بھی ملک کے سفر کیلئے استثنیٰ کے تحت یو این سے اجازت درکار ہوتی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ پاک چین افغان سہ فریقی وزرائے خارجہ سطح کا اجلاس 6 مئی کو اسلام آباد میں ہوگا، اجلاس کی صدارت پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کریں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ افغان وزیر خارجہ پاکستانی اور چینی ہم منصب سے الگ الگ ملاقاتیں بھی کرینگے۔
یاد رہے کہ چینی وزیر خارجہ 5 مئی کو وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی دعوت پر اسلام آباد پہنچ رہے ہیں۔