(5 اگست 2026): بھارت میں تمل ناڈو حکومت نے شادی کرنے والی خواتین کو سونے کا سکہ اور ریشم کی ساڑھی بطور تحفہ دینے کا اعلان کر دیا۔
انڈین میڈیا رپورٹس کے مطابق تمل ناڈو کی ٹی وی کے حکومت نے آج اسمبلی میں اپنا پہلا بجٹ 2026 پیش کر دیا۔ وزیر خزانہ ڈاکٹر این میری ولسن نے بجٹ پیش کرتے ہوئے متعدد اعلانات کیے۔
وزیر خزانہ نے اعلان کیا کہ خواتین کو ان کی شادی کے موقع پر 8 گرام سونے کا سکہ اور ریشم کی ساڑھی فراہم کرنے کیلیے ’برادرز گفٹ اسکیم‘ کے تحت 812 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سرکاری اسپتال میں پیدا ہونے والے ہر بچے کو سونے کی انگوٹھی ملے گی
انہوں نے مزید بتایا کہ ریاست بھر میں 10 اولمپک سینٹرز آف ایکسی لینس قائم کرنے کیلیے 5.50 کروڑ روپے کی تخصیص کی گئی ہے جس کا مقصد اولمپک میں طلائی تمغے جیتنا اور تمل ناڈو کو بین الاقوامی کھیلوں میں بلند ترین سطح پر لے جانا ہے۔
بجٹ خطاب میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر این میری ولسن نے کہا کہ 2031 تک ریاست بھر کے انجینئرنگ کالجوں، پولی ٹیکنک کالجوں اور انڈسٹریل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹس میں زیر تعلیم 5 لاکھ طلبہ کو اے آئی کی مہارت کی تربیت فراہم کی جائے گی۔


