منگل, مارچ 18, 2025
اشتہار

تانیہ قتل کیس: ملزم کا 7 روزہ ریمانڈ، آئی جی سندھ کو تفتیش کی نگرانی کا حکم

اشتہار

حیرت انگیز

جامشورو: صوبہ سندھ کے ضلع جامشورو کے شہر سیہون میں رشتے سے انکار پر قتل کی جانے والی 19 سالہ لڑکی کے ملزم خان محمد نوہانی کا 7 روزہ ریمانڈ منظور کرلیا گیا۔ سندھ ہائی کورٹ نے آئی جی سندھ کو تفتیش کی نگرانی کا حکم دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کی جانب سے تانیہ قتل کیس کا نوٹس لیتے ہوئے آج ڈی آئی جی حیدر آباد اور ایس ایس پی دادو کو عدالت میں طلب کیا گیا تھا۔

کیس کی سماعت کے لیے آج صبح جب تانیہ کے اہل خانہ اور خاصخیلی قبیلے کے عمائدین عدالت میں پیش ہوئے تو انہوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے آگاہ کیا کہ ملزم وڈیرے کے کی خاندان کی جانب سے ان پر صلح کے لیے دباؤ ڈالا جارہا ہے۔

مقدمے کی سماعت سے قبل تانیہ کے والد نے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں مقدمہ واپس لینے کے لیے دھمکیاں مل رہی ہیں۔ انہوں نے اپنے اہل خانہ کو تحفظ اور انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔

تانیہ کے اہل خانہ کا کہنا تھا کہ پولیس نے ہماری مرضی سے مقدمہ درج کیا اور نہ ہمارا بیان لیا۔ انہوں نے مقدمے میں انسداد دہشت گردی کی دفعات شامل کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔


کیس کی سماعت

سندھ ہائی کورٹ میں کیس کی سماعت کے دوران ڈی آئی جی حیدر آباد خادم حسین اور متعلقہ پولیس افسران عدالت میں پیش ہوئے۔

پولیس نے عدالت میں ابتدائی رپورٹ پیش کی جس کے مطابق 2 ملزمان محمد خان اور مولا بخش کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ڈی آئی جی حیدر آباد کا کہنا تھا کہ ملزمان کے سہولت کاروں کو بھی جلد گرفتار کرلیں گے۔

تانیہ کے ورثا کے مؤقف پر ان کے بیان پر دوبارہ مقدمہ درج کیا گیا اور مقدمے میں انسداد دہشت گردی کی دفعات بھی شامل کرلی گئیں۔ پولیس نے بھی مرکزی ملزم سمیت تمام ملزمان کا 7 روزہ ریمانڈ حاصل کرلیا۔

عدالت نے آئی جی سندھ کو تحقیقات کی نگرانی اور تانیہ کے اہل خانہ کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کا حکم بھی جاری کیا۔

چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے پولیس کو 29 ستمبر تک پیش رفت کی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

یاد رہے کہ تانیہ کے قتل کا واقعہ سیہون کے جھانگار گوٹھ میں رواں ماہ کے آغاز میں پیش آیا تھا جب 19 سالہ تانیہ خاصخیلی کو بااثر خاندان سے تعلق رکھنے والے خان محمد نوہانی نے خود ہی اپنا رشتہ بھیجا لیکن تانیہ اور اس کے خاندان کی جانب سے انکار کردیا گیا۔

انکار کے 2 روز بعد ملزم نے اپنے 2 ساتھیوں کے ہمراہ تانیہ کے گھر پر حملہ کیا اور تمام اہلخانہ کو ایک کمرے میں بند کر کے تانیہ کو اغوا کرنے کی کوشش کی، تاہم تانیہ کی بھرپور مزاحمت پر ملزمان اسے گولی مار کر فرار ہوگئے۔

گزشتہ روز سیہون پولیس نے مرکزی ملزم کو بلوچستان کے علاقے داریجو سے گرفتار کرلیا تھا۔


اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں