ٹانک : تھانہ گومل کی حدود میں پولیس کی بکتر بند گاڑی کے قریب آئی ای ڈی دھماکے کے نتیجے میں چھ پولیس اہلکار شہید ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق ٹانک کے علاقے تھانہ گومل کی حدود میں پولیس کی بکتر بند گاڑی کو آئی ای ڈی بم کے دھماکے کا نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں چھ پولیس اہلکار شہید ہو گئے۔
شہداء میں تھانہ گومل کے ایڈیشنل ایس ایچ او اسحاق خان بھی شامل ہیں ، پولیس نے بتایا کہ دھماکہ اس وقت ہوا جب اے پی سی گاڑی تھانہ گومل سے ٹانک شہر کی جانب روانہ تھی اور راستے میں نصب بم پھٹ گیا، دھماکے کے نتیجے میں گاڑی کو شدید نقصان پہنچا اور موقع پر موجود اہلکار جانبر نہ ہو سکے۔
ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ کر شہداء کی میتیں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال ٹانک منتقل کیں۔
پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے جبکہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے واقعے پر غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اعلان کیا اور کہا کہ پولیس کے بہادر جوان عوام کی حفاظت کے لیے اپنی جان قربان کرتے ہیں۔
گورنر کا کہنا تھا کہ بھارت کی پشت پناہی والے فتنہ الخوارج ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے اور صوبائی حکومت کو عملی اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھی دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہداء اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہارِ تعزیت کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہداء ہماری قوم کے فخر ہیں اور ان کی لازوال قربانیوں کو قوم کبھی فراموش نہیں کرے گی۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


