ممبئی (16 ستمبر 2025): معروف بالی وڈ اداکارہ تنوشری دتہ نے ریئلٹی شو بگ باس کا حصہ بننے کیلیے کروڑوں روپے کی پیشکش ہونے کا انکشاف کر دیا۔
تنوشری دتہ نے حال ہی میں دیے گئے ایک انٹرویو میں دعویٰ کیا کہ گزشتہ 11 سالوں سے انہیں بگ باس کیلیے پیشکش کی جا رہی ہے، اس مرتبہ بھی انہیں 1.65 کروڑ روپے کی آفر ہوئی لیکن انہوں نے مسترد کی۔
انٹرویو میں تنوشری دتہ نے کہا کہ کیا آپ واقعی سمجھتے ہیں کہ میں ایسی جگہ پر جاؤں گی؟ میں ایسی جگہ نہیں رہ سکتی، میں تو اپنے خاندان کے ساتھ بھی نہیں رہتی۔
اداکارہ نے کہا کہ میں کبھی بھی بگ باس میں دلچسپی نہیں رکھتی تھی اور نہ کبھی رکھوں گی، انہوں نے مجھے شو کا حصہ بننے کیلیے 1.65 کروڑ روپے کی پیشکش کی۔
’میرے جیسے لیول کی ایک اور بالی وڈ اداکارہ کو بھی ایسی ہی پیشکش کی گئی تھی۔ بگ باس کے اسٹائلسٹ کا بھی مجھے فون آیا جنہوں نے درخواست کی اور کہا کہ وہ میری خوراک کا خیال رکھیں گے لیکن میں نے کہا کہ اگر وہ مجھے چاند کا ٹکڑا بھی دیں تب بھی میں نہیں جاؤں گی۔‘
اپنی رازداری (Privacy) کے بارے میں بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہاں مرد اور خواتین ایک دوسرے سے لڑتے ہیں جو میں نہیں کر سکتی، میں اپنی خوراک کے بارے میں بہت حساس ہوں، میں اتنی سستی نہیں ہوں میری رازداری میرے لیے قیمتی ہے، اگر مجھے سکون سے کام کرنے دیا جائے تو میں اس سے زیادہ کما سکتی ہوں۔
بالی وڈ سُپر اسٹار سلمان خان بگ باس کے 19ویں سیزن کی میزبانی کر رہے ہیں جو فی الحال جیو ہاٹ اسٹار پر اسٹریم ہو رہا ہے، یہ شو کلرز پر اسٹریمنگ کے ڈیڑھ گھنٹے بعد نشر ہوتا ہے۔
جولائی میں تنوشری دتہ نے انسٹاگرام پر اپنی ایک ویڈیو پوسٹ کی تھی جس میں انہوں نے روتے ہوئے کہا تھا کہ 2018 کی MeToo موومنٹ کے دوران بالی وڈ کے بڑے ناموں کو بے نقاب کرنے پر مجھے گھر میں ہراساں کیا جا رہا ہے۔
ویڈیو میں ان کا کہنا تھا کہ مجھے میرے اپنے گھر میں ہراساں کیا جا رہا ہے، میں نے ابھی پولیس کو فون کیا لیکن انہوں نے مجھ سے کہا کہ مناسب شکایت درج کرانے کیلیے پولیس اسٹیشن آئیں، میری طبیعت ٹھیک نہیں ہے، گزشتہ 4-5 سالوں میں مجھے اتنا ہراساں کیا گیا کہ میری صحت خراب ہوگئی ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


