اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء جہانگیرترین نے وزیراعظم کے لودھراں کے دورے پرالیکشن کمیشن کی جانب سے خاموشی پرافسوس کا اظہارکیا ہے۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان اپنا آئینی کردار درست طرح سے ادا نہیں کررہا بصورت دیگر وزیراعظم کے دورہ لودھراں اور وہاں ان کی جانب سے اعلان کردہ ترقیاتی پیکج پرخاموشی اختیار نہیں کرتا۔
واضح رہے کہ وزیراعظم نے آج صبح لودھراں کادورہ کیا تھا اور وہاں ڈھائی بلین روپے مالیت کے ترقیاتی پیکج کا اعلان کیا اور کسانوں میں کسان پیکج کی مد میں چیک بھی تقسیم کئے۔
واضح رہے کہ لودھراں میں این اے 154 پر 23 دسمبر 2015 کو ضمنی انتخابات کا انعقاد ہونا ہے اور مسلم لیگ ن اور پاکستان تحریک انصاف اس حلقے میں ایک دوسرے کے سخت حریف ہیں۔
اس حلقے سے مسلم لیگ ن کے رہنما صدیق بلوچ 2013 کے عام انتخابات میں منتخب ہوئے تھے تاہم ماہ اگست میں الیکشن ٹربیونل نے ان کے انتخاب کو جعلی تعلیمی دستاویزات کے سبب کالعدم قراردے دیا تھا۔