اسلام آباد: وزارتِ خارجہ کے مطابق واشنگٹن میں جاری نیوکلئیر سیکیورٹی سمٹ میں ہونے والی ذیلی ملاقاتوں میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امورطارق فاطمی نے برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون سےملاقات کی۔
برطانوی وزیراعظم نے ملاقات میں اتوار کے روز لاہورمیں ہونے والے بم دھماکے کے نتیجے میں انسانی جانوں کے ضیاع پرانتہائی افسوس کے ساتھ پاکستان کے عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا۔
اس موقع پربرطانوی وزیراعظم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عوام اورافواجِ پاکستان کی جانب سے پیش کی جانے والی بیش بہا قربانیوں کو تسلیم کیا۔
ڈیوڈ کیمرون نے ملاقات کے دوران یقین دہانی کرائی کہ برطانیہ پاکستان کی معیشت کے استحکام اوردہشت گردی کے خلاف نبرد آزما ہونے کی پاکستان کی استعداد میں اضافے کے لئے ہر ممکن تعاون جاری رہیں گے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امورطارق فاطمی نے اس یقین دہانی کے جواب میں برطانوی وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان اوربرطانیہ کو دہشت گردی کے یکساں خطرات کا سامنا ہے۔ حکومت پاکستان دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے کوشاں ہے۔
اس سے قبل طارق فاطمی نے چین اوربرطانیہ کے وزرائے خارجہ سے بھی ملاقات کی تھی۔
دوروزہ نیوکلئیرکانفرنس امریکی صدربراک اوباما کی زیرصدارت واشنگٹن میں ہورہی ہے جس میں پچاس سے زائد ملکوں کے سربراہ اوراعلی نمائندے شرکت کررہے ہیں۔
کانفرنس میں داعش، شمالی کوریا کا جوہری پروگرام اوردیگراہم عالمی امورپربات چیت کی جارہی ہے۔