اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی کا کہنا ہےکہ پاکستان تمام ملکوں کیساتھ خوشگوار تعلقات قائم کرنے کا خواہاں ہے، دیگر ملکوں کی ناکامیوں کیلئے پاکستان کو ذمہ دار نہیں ٹھہرایا جاسکتا۔
اسلام آباد میں تقریب سے خطاب میں طارق فاطمی نےکہا گوادر اور چاہ بہار حریف بندرگاہیں نہیں بلکہ حلیف بندرگاہیں ہیں، گوادر سے چاہ بہار تک موٹر وے تعمیر کی جائے گی، انہوں نےکہاکہ کچھ ایسی قوتیں ہیں جو پاک افغان تعلقات کو پھلتا پھولتا نہیں دیکھ سکتیں۔
ان کا کہنا ہے کہ افغانستان میں قومی وحدت حکومت کے قیام پر خیر سگالی کا ہاتھ بڑھایا ہے جبکہ بارڈر مینجمنٹ مسائل سے نمٹنے کے لیے چیک پوسٹس بنائی جارہی ہیں۔
معاون خصوصی نے کہا کہ ہم ایران کے ساتھ بھی اقتصادی تعلقات آگے بڑھا رہے ہیں ،چاہ بہار کے منصوبے پر بھی کام کیا جائے گا، ان کا کہنا تھا کہ عرب ممالک کے ساتھ پاکستان کے تعلقات بہترین ہیں ۔
طارق فاطمی نے کہا کہ تمام ممالک کے ساتھ خوشگوار تعلقات قائم کرنا پاکستان کی اولین ترجیح ہے لیکن اس کا مقصد یہ نہیں ہونا چاہے کہ دوسرے ممالک کے ناکامیوں کو پاکستان کے کھاتے میں ڈال دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہر ممکن کوشش کی ہے کہ افغانستان سے اچھے تعلقات قائم کئے جائے اور کوشش آئندہ بھی جاری رہے گی، مستحکم افغانستان پاکستان کے بہتر مفاد میں ہے۔