منگل, مارچ 17, 2026
اشتہار

ترلائی دھماکا: وزیر اعظم کے شہدا کے اہل خانہ اور زخمیوں کیلیے اعلانات

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد (11 فروری 2026): وزیر اعظم شہباز شریف نے ترلائی خودکش دھماکا میں شہید افراد کے اہل خانہ اور زخمیوں کیلیے اعلانات کیے ہیں۔

وزیر اعظم ترلائی میں امام بارگاہ خدیجہ الکبریٰ پہنچے جہاں انہوں نے شہدا کے لواحقین اور متاثرین سے ملاقات کی۔ شہباز شریف نے شہدا کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلیے دعا کی۔

اس موقع پر انہوں نے خودکش حملہ آور کو روکنے والے شہید عون عباس کے اہلخانہ کیلیے ایک کروڑ روپے کا اعلان کیا اور کہا کہ شہید کو 14 اگست پر بعداز شہادت اعزاز سے نوازیں گے۔

وزیر اعظم نے خودکش دھماکے میں شہید افراد کے اہل خانہ کیلیے 50، 50 لاکھ جبکہ زخمیوں کیلیے 30، 30 لاکھ روپے کا اعلان کیا۔ شہباز شریف نے شہدا کے بچے اور بچیوں کو نوکریاں دینے کا بھی اعلان کیا۔

شہباز شریف نے گفتگو میں کہا کہ دہشتگردی کے واقعے پر دل انتہائی دکھی ہے، مسلمانوں میں تفریق کی ناپاک سازش مکمل دفن ہوگئی ہے، تمام مکاتب فکر کے علما نے دہشتگردی کے واقعے کی شدید مذمت کی، افواج پاکستان، پولیس اور دیگر ادارے ہر روز دہشتگردوں کا مقابلہ کر رہے ہیں، ہمارے شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم ان کے قرض دار ہیں جو اپنے خون سے پاکستان کا دفاع کر رہے ہیں، دہشتگردی کے اس واقعے نے پوری قوم کو یکجا کر دیا ہے، دہشتگردوں کا کوئی دین اور مذہب نہیں ہے، دہشتگردی کے واقعے پر پوری قوم سوگوار ہے، نوجوان عون عباس کی قربانی کو سنہری الفاظ میں یاد رکھا جائے گا، شہدا کے لواحقین کیلیے حکومت ہر ممکن اقدامات کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ اللہ کرے اس ملک سے دہشتگردی کا مکمل طور پر خاتمہ ہو، ازلی دشمن کو شکست دینے کیلیے قوم قربانیاں دے رہی ہے، ہماری افواج ہر روز دہشتگردوں کا مقابلہ کر رہی ہیں۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں