اسلام آباد (07 فروری 2026): ترلائی امام بارگاہ پر خودکش حملے کے زخمیوں کی تفصیلات جاری کر دی گئی ہیں، جب کہ دوسری طرف سانحے میں شہدا کی تعداد 33 ہو گئی۔
اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ ترلائی امام بارگاہ خودکش دھماکے کا ایک اور زخمی دم توڑ گیا، 21 سالہ محمد عباس مہدی کو پمز منتقل کیا گیا تھا، عباس نجی یونیورسٹی میں زیر تعلیم تھا۔
ترلائی خودکش حملے میں اسپتالوں کے جو کہ تازہ ترین اعداد و شمار سامنے آئے ہیں، اس کے مطابق حملے کے 91 مریض راولپنڈی اور اسلام آباد کے اسپتالوں میں زیر علاج ہیں، جن میں 89 اسلام آباد جب کہ 2 راولپنڈی کے اسپتال میں ہیں۔
ذرائع کے مطابق ترلائی دھماکے کے مزید 11 زخمی پمز اسپتال سے ڈسچارج کر دیے گئے ہیں، جب کہ 65 زخمی پمز اسپتال میں بدستور زیر علاج ہیں، جب کہ ان میں 24 کی حالت تشویش ناک ہے، اب تک پمز سے 55 زخمی گھروں کو بھجوائے جا چکے ہیں۔
ترلائی مسجد خودکش حملے کا داعش ماسٹر مائنڈ 4 سہولت کاروں سمیت گرفتار
پولی کلینک میں 15 زخمی زیر علاج ہیں جن میں 5 کی حالت تشویش ناک ہے، فیڈرل جنرل اسپتال میں 4 زخمی زیر علاج ہیں اور 6 ڈسچارج ہو چکے ہیں، اسلام آباد کے دو نجی اسپتالوں میں 4 افراد زیرعلاج ہیں، بینظیر بھٹو اسپتال راولپنڈی میں 2، کیپیٹل اسپتال میں ایک زخمی زیر علاج ہے۔
ذرائع کے مطابق ترلائی امام بارگاہ خودکش حملہ میں 33 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، زخمی 21 سالہ عباس مہدی آج دم توڑ گیا، جن کو گزشتہ روز پمز اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
گزشتہ روز 149 زخمی اور 28 لاشیں پمز اسپتال لائی گئی تھیں، 19 زخمی اور 4 لاشیں پولی کلینک لائی گئی تھیں، جب کہ 31 زخمی فیڈرل جنرل اسپتال چک شہزاد لائے گئے تھے۔
جہانگیر خان اے آر وائی نیوز اسلام آباد کے نمائندے ہیں۔ وہ پارلیمانی امور، صحت، کشمیر، جی بی اور پیپلز پارٹی سے متعلق خبریں رپورٹ کرتے ہیں۔


