اسلام آباد : ترلائی کلاں میں امام بارگاہ میں خودکش حملے کے ماسٹر مائنڈ سمیت چار سہولت کاروں کو گرفتار کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے علاقے ترلائی کلاں میں ہونے والے خودکش حملے کی تحقیقات میں اہم پیشرفت سامنے آئی۔
ذرائع نے بتایا کہ انٹیلی جنس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے پشاور اور نوشہرہ میں چھاپے مارے، آپریشنز ٹیکنیکل اور ہیومن انٹیلی جنس کے نتیجے میں کیے گئے۔
کارروائی میں خودکش حملہ آورکے 4 سہولت کاروں سمیت خودکش حملے کے داعش افغانی ماسٹرمائنڈ کو بھی گرفتار کرلیا۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ حملے کی منصوبہ بندی، تربیت اور ذہن سازی افغانستان میں داعش نے کی۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ داعش اور دیگر دہشت گرد تنظیمیں افغان طالبان کی سرپرستی میں سرگرم ہیں اور علاقائی و عالمی امن کے لیے خطرہ ہیں۔
آپریشن کے دوران وطن کا ایک بیٹا شہیداور3زخمی ہوئے تاہم دہشت گردوں کےخلاف مزیدانٹیلی جنس بیسڈآپریشنزجاری ہیں۔ ۔
گذشتہ روز خودکش حملہ آور کے دو بھائی اور چار دیگر افراد کو بھی حراست میں لیا گیا تھا اور انہیں مزید تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
حکام نے ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی ہے، جس میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے افسران شامل ہیں، تاکہ حملہ آور کے سہولت کاروں اور معاونین کو بھی گرفتار کیا جا سکے۔


