واشنگٹن (09 اگست 2026): امریکی پاک اسٹار ٹیلر سوئفٹ کے گانے اچانک ٹرمپ مہم اور وائٹ ہاؤس کی پوسٹس سے غائب ہو گئے، معلوم ہوا ہے کہ گلوکارہ کے گانے ہٹا دیے گئے ہیں۔
روئٹرز کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم اور وائٹ ہاؤس کی جانب سے سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی بعض ویڈیوز سے ٹیلر سوئفٹ کے کچھ گانے ہٹا دیے گئے ہیں۔
وائٹ ہاؤس نے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران امریکی پاپ اسٹار کے دو گانے استعمال کیے تھے۔ وائٹ ہاؤس اور گلوکارہ کے نمائندگان کی جانب سے اس سلسلے میں کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔
ٹیلر سوئفٹ نے حالیہ عرصے میں ٹرمپ کے بارے میں کوئی بیان نہیں دیا، تاہم 2024 میں انھوں نے ٹرمپ کے ڈیموکریٹک حریف اور اس وقت کی نائب صدر کملا ہیرس کی حمایت کی تھی۔ اور 2020 کی انتخابی مہم کے دوران سوئفٹ نے سوشل میڈیا پر لکھا تھا کہ ٹرمپ ’’اچھی طرح جانتے ہیں کہ ہم انھیں اپنا صدر نہیں چاہتے۔‘‘
اس کے جواب میں صدر ٹرمپ متعدد مرتبہ سوئفٹ کو تنقید کا نشانہ بنا چکے ہیں۔ ہیرس کی حمایت کرنے کے بعد انھوں نے سوشل میڈیا پر لکھا تھا ’’مجھے ٹیلر سوئفٹ سے نفرت ہے!‘‘ گزشتہ سال انھوں نے لکھا ’’کیا کسی نے یہ محسوس کیا ہے کہ جب سے میں نے کہا ہے مجھے ٹیلر سوئفٹ سے نفرت ہے، وہ اب اتنی ہاٹ نہیں رہی؟‘‘
موہن لال نے مداحوں سے معافی مانگ لی
درجنوں فنکار، جن میں سبرینا کارپنٹر اور آریانا گرانڈے بھی شامل ہیں، ٹرمپ انتظامیہ سے کہہ چکے ہیں کہ وہ ان کے گانے استعمال نہ کرے۔
گزشتہ ہفتے ٹرمپ کی انتخابی مہم نے اپنے ٹک ٹاک اکاؤنٹ پر سوئفٹ کے دو گانے استعمال کیے۔ جون میں ٹرمپ کی انتخابی مہم نے مختصر ویڈیوز کے پلیٹ فارم پر فلم ’’ٹوائے اسٹوری 5‘‘ کے لیے سوئفٹ کے گانے ’’I Knew It, I Knew You‘‘ کے ساتھ ایک ویڈیو پوسٹ کی تھی۔ اس مختصر ویڈیو کے ساتھ یہ عبارت لکھی گئی تھی ’’صدر ٹرمپ سے زیادہ ہمارے ملک اور امریکی عوام سے کوئی محبت نہیں کرتا۔‘‘
ویڈیو میں ٹرمپ کو وائٹ ہاؤس میں بچوں کے ساتھ بات چیت کرتے، ایک یو ایف سی مقابلے میں رقص کرتے اور ایک انتخابی جلسے میں نظر آتے دکھایا گیا تھا۔ حالیہ مہینوں میں یہ تیسری مرتبہ تھا کہ ٹرمپ انتظامیہ یا ان کی انتخابی مہم نے گریمی ایوارڈ جیتنے والی پاپ اسٹار کا کوئی گانا استعمال کیا۔
اپریل میں وائٹ ہاؤس نے ایک ویڈیو شیئر کی تھی جس میں آرٹیمس II کے عملے کو وائٹ ہاؤس میں ٹرمپ سے ملاقات کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔ اس ویڈیو میں سوئفٹ کا گانا ’’High Infidelity‘‘ اور اس کے بول ’’کیا تم واقعی جاننا چاہتے ہو کہ 29 اپریل کو میں کہاں تھی؟‘‘ استعمال کیے گئے تھے۔
وائٹ ہاؤس نے نومبر میں ایک اور ٹک ٹاک ویڈیو بھی شیئر کی تھی، جس میں سوئفٹ کے البم ’’The Life of a Showgirl‘‘ کا گانا ’’The Fate of Ophelia‘‘ شامل تھا۔ یہ البم اس سے ایک ماہ قبل جاری ہوا تھا۔ ویڈیو میں امریکی پرچم، مختلف یادگاروں اور ٹرمپ کی متعدد تصاویر دکھائی گئی تھیں۔
اس پوسٹ پر سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر ردعمل سامنے آیا، جس کے بعد وائٹ ہاؤس کے ایک ترجمان نے متعدد نیوز اداروں کو بتایا کہ یہ ویڈیو اس لیے بنائی گئی تھی کیوں کہ ٹرمپ انتظامیہ جانتی تھی کہ نیوز ادارے ان پوسٹس کو ’’بے تابی سے بڑے پیمانے پر پھیلائیں گے۔‘‘


