لکھنؤ(9 اکتوبر 2026): استاد کی جانب سے غیر ذمہ دارانہ حرکت پر والدین اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید غم و غصے کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
بھارتی ریاست اتر پردیش (یوپی) کے ضلع اٹاوا کے ایک پرائمری اسکول سے ایک انتہائی شرمناک اور افسوسناک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جس میں ایک استاد کو جماعت کے اندر طالب علم کے سر کو ڈھولک یا طبلے کی طرح بجاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق اسکول کے استاد دنیش کمار ماتھر نے خود ایک طالب علم سے یہ ویڈیو بنوائی اور بعد میں اسے اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر اپلوڈ کر دیا۔
#VIRAL: Teacher seen playing tabla on a student’s head, laughing and dancing.
Teacher suspended!
📍Etawah, Uttar Pradesh https://t.co/goTIqIl0K5
— Karan Singh / करन सिंह (@Journo_Karan) October 9, 2026
وائرل ہونے والی کلپ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دنیش ماتھر کرسی پر بیٹھے ہوئے ہیں جبکہ اردگرد بچے زمین پر بیٹھے ہیں، اس دوران استاد طنزیہ اور مضحکہ خیز چہرے بناتے ہوئے ایک مصوم بچے کے سر کو طبلے کی طرح تھپتھپا رہے ہیں اور ہنس رہے ہیں۔
سوشل میڈیا پر ویڈیو جنگل کی آگ کی طرح پھیلنے کے بعد محکمہ بنیادی تعلیم کے حکام کی نظر اس پر پڑی، جس کا سخت نوٹس لیا گیا۔ ڈاکٹر راجیش کمار نے فوری طور پر احکامات جاری کرتے ہوئے ملزم استاد دنیش ماتھر کو معطل کر دیا ہے۔
محکمہ بنیادی تعلیم نے اس معاملے کی اندرونی تحقیقات بھی شروع کر دی ہیں تاکہ مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔ویڈیو سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین کا کہنا ہے کہ استاد کو بچوں کے لیے ایک محفوظ ماحول فراہم کرنا چاہیے نہ کہ اس طرح کی تذلیل آمیز حرکتیں کرنی چاہئیں۔


