گوادر : پاک فوج کے تعلقات عامہ کے ادارے کے ترجمان نے کہا ہے کہ اساتذہ اور طالب علموں کے وفد کی گوادر آمد پر پاک چین اقتصادی راہداری اور گوادر منصوبے پر بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے ترجمان کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی اور لسبیلہ کے علاقوں سے تعلق رکھنے والے اساتذہ اور طالب علموں کے 230 رکنی وفد نے آج گوادر کا دورہ کیا۔
اس موقع پر لیفٹیننٹ جنرل عامرریاض نے اساتذہ اور طالب علموں کا استقبال کیا اور انہیں پاک چین اقتصادی راہداری اور گوادر منصوبے کے حوالے سے بریفنگ دی۔
لیفٹیننٹ جنرل عامرریاض نے اپنی بریفنگ میں بلوچستان کی خطے میں جغرافیائی اہمیت اور پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ صوبہ قدرتی معدنیات سے مالا مال ہے اور غیور و بہادر بلوچ قوم قیام پاکستان سے اب تک استحکام پاکستان کے لیے کوشاں ہیں۔
انہوں نے پاک چین اقتصادی راہداری اور گوادر منصوبے کے حوالے سے طالب علموں کے سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے بتا یا کہ یہ منصوبہ پاکستان کی معیشت کی بحالی اور ترقی کی ضامن ثابت ہوگا جس سے ہزاروں مقامی لوگ روزگار حاصل کریں گے اور لاکھوں لوگوں کی طرز زندگی میں مثبت تبدیلی آئے گی۔