اتوار, مئی 10, 2026
اشتہار

جنوبی کوریا: جرائم کی روک تھام کے لیے ہولوگرافک پولیس کے تجربے

اشتہار

حیرت انگیز

سیول(17 اپریل 2026): جنوبی کوریا میں جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے جرائم کی روک تھام کے لیے ہولوگرافک پولیس کی تعیناتی کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق اس جدید اقدام کے باعث متعلقہ علاقوں میں جرائم کی شرح میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جن مقامات پر پولیس افسران کے تھری ڈی ہولوگرام (پروجیکشن) تعینات کیے گئے، وہاں جرائم کی شرح میں تقریباً 22 فیصد تک کمی دیکھی گئی۔

خاص طور پر اچانک ہونے والے جھگڑوں اور نشے کی حالت میں کیے جانے والے تشدد جیسے واقعات میں واضح کمی واقع ہوئی ہے۔ یہ ہولوگرام عوامی مقامات پر اس لیے نصب کیے گئے ہیں تاکہ شہریوں میں احساس تحفظ پیدا ہو اور جرائم پیشہ عناصر پر نفسیاتی دباؤ برقرار رہے۔

رپورٹ کے مطابق تکنیکی لحاظ سے یہ محض ایک تصویر نہیں بلکہ ایک جامع سیکیورٹی نظام ہے۔ ان ہولوگرامز کے ساتھ مصنوعی ذہانت پر مبنی کیمرے نصب ہیں جو پورے علاقے کی نگرانی کرتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ حقیقی پولیس اہلکار بھی کنٹرول روم سے ان مقامات پر نظر رکھتے ہیں جہاں یہ پروجیکشن لگائی گئی ہے۔

ان ہولوگرامز کے ذریعے عوام کو ریکارڈ شدہ پیغامات بھی سنائے جاتے ہیں، جن میں شہریوں کو قانون کی پاسداری کی ہدایت کی جاتی ہے اور یہ باور کرایا جاتا ہے کہ پولیس ہر وقت وہاں موجود ہے۔ جنوبی کوریا کے حکام اس تجربے کی کامیابی کے بعد اسے مزید علاقوں تک پھیلانے پر غور کر رہے ہیں۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں