کراچی : جدہ جانیوالے نجی ایئرلائن کے طیارے کو اڑان بھرتے ہی فنی خرابی کے باعث ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی ، ہائیڈرولک سسٹم میں خرابی کی وجہ سے طیارے کو اتارا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی سے جدہ جانیوالی نجی ایئرلائن کی پرواز میں اڑان بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد فنی خرابی پیدا ہوگئی، کپتان نے کنٹرول ٹاور سے رابطہ کرکے لینڈنگ کی اجازت طلب کی اور اجازت ملنے پر طیارے کو بحفاظت اتارلیا گیا۔
ایئرپورٹ ذرائع نے بتایا کہ پرواز پی اے 170 کے ہائیڈرولک سسٹم میں خرابی پیدا ہونے کی وجہ سے طیارے کو اتارا گیا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ مسافروں کو لاونج منتقل کردیا گیا ہے اور طیارہ خراب ہونے کی وجہ سے انجینئرز کی ٹیم طلب کرلی گئی جو طیارے کی فنی خرابی دور کرے۔
تکنیکی خرابی کے باعث نجی ایئرلائن کی کراچی سے جدہ جانے والی پرواز کئی گھنٹے تاخیر کا شکار ہے ، جس پر مسافروں نے احتجاج کیا ، زیادہ تر مسافر عمرے کی ادائیگی کے لئے جدہ جارہے تھے۔
ائیرپورٹ ذرائع نے بتایا کہ طیارے کی مرمت کا کام جاری ہے پی اے 170طیارےمیں فنی خرابی کےباعث کراچی اتاری گئی تھی۔