The news is by your side.

Advertisement

مشہور ویڈیو گیم پب جی نے ایک اور نوجوان کی زندگی نگل لی

لاہور : مشہور ویڈیو گیم پب جی نے ایک اور نوجوان کی زندگی نگل لی، پولیس نے کہا کہ لاش کے قریب سے موبائل ملا جس پر مشہور ویڈیو گیم پب جی چل رہی تھی۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب کے دارلحکومت لاہور میں مشہور ویڈیو گیم پب جی نے نوجوان کی جان لے لی ، پولیس کا کہنا ہے کہ مصطفی ٹاؤن کے علاقے میں سولہ سالہ نوجوان نے خودکشی کی، محمد ذکریا کی لاش پنکھے سے لٹکی ملی۔

پولیس کے مطابق لاش کے قریب سے موبائل ملا ، جس پر مشہور ویڈیو گیم پب جی چل رہی تھی۔

دو روز قبل بھی لاہور میں نوجوان نے ویڈیو گیم کھیلنے سے منع پر خودکشی کر لی تھی، جونٹی جوزف کا ویڈیو گیم کی وجہ سے والد سے گذشتہ رات جھگڑا ہوا، والد نے اسے ڈانٹا اور ہر وقت موبائل پر پب جی کھیلنے سے منع کیا، جس کے بعد وہ ناراض ہو کر اپنے کمرے میں چلا گیا۔ اگلی صبح جونٹی جوزف نے اپنے کمرے کے پنکھے سے لٹک کر اپنی جان لے لی تھی۔

خیال رہے بچوں میں مقبول ترین ویڈیو گیم ان دنوں پب جی ہے اور نا صرف بچے بلکہ بڑی عمر کے افراد بھی ایڈوینچر سے بھرپور اس گیم کو کھیلتے نظر آتے ہیں لیکن ماہرین کا ماننا ہے کہ اس گیم کے باعث بچوں کی دماغی صحت متاثر ہورہی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ مذکورہ گیم کو کھیلنے سے بچوں میں قوت فیصلہ ختم ہوتی جارہی ہے اور ان کے دماغ پر بھی منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں ، جو معاشرے کےلیے بھی ٹھیک نہیں ہیں۔

Comments

یہ بھی پڑھیں