ہفتہ, مارچ 15, 2025
اشتہار

گلہری جیسے جانور کا گوشت کھانے والے نوجوان طاعون کی بیماری میں مبتلا، ایک ہلاک

اشتہار

حیرت انگیز

اولان‌ باتور: چین اور روس کے وسط میں واقع  ملک منگولیا میں گلہری  کی قسم کے جانور کا گوشت کھانے والا 15 سالہ نوجوان طاعون کی بیماری سے ہلاک ہوگیا۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق منگولیا کے مغربی علاقے میں 15 سالہ نوجوان نے گلہری یا چوہے کی قسم کے جانور ’مارموٹ‘ کو پکڑا اور پھر اس کا گوشت کھایا جس کے بعد نوجوان طاعون کی تشخیص ہوئی۔

وزارتِ صحت نے تصدیق کی ہے کہ طاعون میں مبتلا ہونے والے نوجوان نے مارموٹ کا گوشت کھایا اور وہ اسی بیماری کی وجہ سے دوران علاج چل بسا۔

وزارت صحت کے ترجمان تاران گیرل دورج کا کہنا تھا کہ ’تین نوجوانوں نے مارموٹ کا گوشت کھایا تھا، جن میں سے ایک دم توڑ گیا جبکہ دو کا علاج جاری ہے، زیر علاج نوجوانوں کو بھی طاعون کی تصدیق ہوئی جس کے بعد ڈاکٹرز اُن کا اینٹی بائیوٹک ادویات سے علاج کررہے ہیں‘۔

مزید پڑھیں: منگولیا میں طاعون کا مصدقہ کیس، حکام نے الرٹ جاری کردیا

حکومت نے طاعون کے کیسز سامنے آنے کے بعد گوبی الطائی صوبے کو قرنطینہ میں تبدیل کردیا اور شہریوں کو ہدایت کی کہ وہ گھروں سے کسی صورت باہر نہ نکلیں۔

وزیر صحت کا کہنا تھا کہ ایک نوجوان کی وجہ سے صوبے میں طاعون کے 15 کیسز سامنے آئے، تمام مریضوں کو انتہائی نگہداشت وارڈ میں داخل کر کے علاج کیا جارہا ہے جبکہ صوبے میں نوجوان کی پہلی ہلاکت ہی ہوئی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ’طاعون کی بیماری گلہری نما بڑے چوہوں میں پائی جاتی ہے، یہ شمالی ایشائی علاقوں جبکہ شمال مغربی چین اور مشرقی روس کے چند علاقوں کے جنگلات میں پائے جاتے ہیں‘۔

منگولیا کی حکومت نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ وہ مار موٹ کا شکار اور اُسے کھانا فوری طور پر چھوڑ دیں ورنہ ملک کی صورت حال خراب ہوسکتی ہے۔

دوسری جانب امریکا میں بھی طاعون کے کیس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد وزارت صحت نے الرٹ جاری کردیا۔ امریکی میڈیا رپورٹ کے مطابق کولراڈو کے قصبے موریشن میں گیارہ جولائی کو گلہری میں طاعون کی تصدیق ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں: کرونا کے بعد طاعون پھیلنا شروع ہوگیا؟

حکام نے شہریوں کو احتیاط کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ گلہریوں سے دور رہیں اور مردہ گلہری نظر آنے کی صورت میں محکمہ صحت کو فوری طور پر اطلاع دیں، اگر احتیاطی تدابیر پر عمل نہ کیا گیا تو طاعون کی بیماری جانوروں اور انسانوں دونوں کو متاثر کرسکتی ہے۔

طاعون کی بیماری کیسے پھیلتی ہے؟

ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ طاعون کی بیماری متاثرہ چوپائے یا پسو کے کاٹنے سے پھیلتی ہے، اسی لیے شہریوں کو بہت زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے۔

یادرہے کہ طاعون کی بیماری صدیوں پرانی ہے اور اندازوں کے مطابق یورپ میں اس وبا سے متاثر ہوکر 50 لاکھ لوگ مر چکے ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں