ماسٹر بلاسٹر سچن ٹنڈولکر نے لیجنڈری بیٹسمین انضمام الحق کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔
ٹوئٹر پر پیغام شیئر کرتے ہوئے سچن ٹنڈولکر نے لکھا کہ میں آپ کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہوں، امید ہے آپ جلد مکمل صحت یاب ہو جائیں گے۔
سچن ٹنڈولکر نے لکھا کہ آپ ہمیشہ سے تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے میدان میں لڑتے تھے اسی طرح اس بیماری میں بھی آپ لڑ کر صورتحال سے باہر آجائیں گے۔
Wishing you a speedy recovery @Inzamam08. You've always been calm yet competitive, and a fighter on the field.
I hope and pray that you'll come out stronger from this situation as well. Get well soon.
— Sachin Tendulkar (@sachin_rt) September 28, 2021
دوسری جانب سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے بھی انضمام الحق کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دعا ہے کہ تم ٹھیک ھو کر جلد اپنے پیارے دل سے ہم سب کو اسی طرح خوش کرو گے جیسا تم ھمیشہ کرتے ھو۔
سابق کپتان اور مایہ ناز بلے باز انضمام الحق کی طبیعت میں بہتری کے بعد انھیں نجی اسپتال سے ڈسچارج کردیاگیاہے، ماہرامراض قلب پروفیسرزبیر اکرم کا کہنا ہے کہ انضمام الحق کوہدایات اورادویات تجویزکر دی ہیں۔
گذشتہ روز دل میں تکلیف کے باعث سابق کرکٹر انضمام الحق کو نجی اسپتال میں داخل کیا گیا جہاں ضروری ٹیسٹوں کے بعد ماہرامراض دل پروفیسر زبیرا کرم نے انضمام الحق کی انجیوپلاسٹی کی۔
پروفیسرزبیراکرم کا کہنا تھا کہ شریان میں تنگی کےباعث ایک اسٹنٹ ڈالاگیا تھا۔
دوسری جانب سابق ٹیسٹ کرکٹرمشتاق احمد نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ انضمام الحق کا علاج بہترین ہورہاہے،اللہ کے کرم سے وہ مکمل صحتیاب ہوکر گھر منتقل ہوگئے، انضمام الحق کے مداحوں اورعالمی کرکٹرز کی دعاؤں پرشکرگزارہیں۔
خیال رہے کہ سابق کپتان پاکستان کرکٹ ٹیم انضمام الحق قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر بھی رہ چکے ہیں، سن 1992 کے ورلڈکپ میں سیمی فائنل کے ہیرو انضمام الحق نے 120 ٹیسٹوں میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 8830 رنز بنارکھے ہیں، ان کا ٹیسٹ میں انفرادی اسکور 329 رنز ہےجبکہ وہ پاکستان کے لئے 25 ٹیسٹ سینچریاں اور 46 نصف سینچریاں بناچکے ہیں۔
ایک روزہ میچز میں انضمام الحق نے پاکستان کی جانب سے 378 میچز کھیل کر 11739 رنز اسکور کئے، انہوں نے 10 سینچریاں اور 83 نصف سینچریاں بنارکھی ہیں۔