تازہ ترین

پاکستان میں پہلی بار ٹیک بال مقابلے پُر فضا مقام گبین جبہ میں

پشاور: خیبر پختون خوا کے بلند اور پُر فضا سیاحتی مقام گبین جبہ میں پاکستان میں پہلی بار ٹیک بال مقابلے منعقد ہوئے۔

مینگورہ بازار سے تقریباً 35 کلو میٹر کے فاصلے پر 8 ہزار فٹ سے زائد بلندی پر واقع قدرتی حسن سے مالا مال گبین جبہ جہاں پہلی بار محکمہ سیاحت خیبر پختون خوا نے اسنو فیسٹیول کا انعقاد کیا، برف میلے میں جہاں ایک طرف سیاح دل فریب قدرتی نظاروں سے لطف اندوز ہوئے وہاں ان کی دل چسپی کے لیے دیگر مقابلوں کے ساتھ پہلی بار ٹیک بال مقابلے بھی شامل تھے۔

ٹیک بال (Teqball) کھیل پاکستان میں حال ہی میں متعارف کرایا گیا ہے، ہنگری کی حکومت نے پاکستان کو 4 ٹیک بال ٹیبل دیے ہیں جن میں ایک پنجاب، ایک سندھ اور 2 خیبر پختون خوا میں ہیں، ان میں سے ایک پشاور کے قیوم اسپورٹس کمپلیکس میں رکھا گیا ہے اور ایک ٹیبل سوات کے حصے میں آیا ہے۔

چترال سے تعلق رکھنے والی ٹیک بال کھلاڑی اقرا جس نے گبین جبہ میں منعقدہ مقابلوں میں حصہ لیا، نے اے آر وائی نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا ٹیک بال بہت محنت والی گیم ہے کیوں کہ اس کھیل میں کھلاڑی کو ہاتھ اور بازوؤں سے بال ٹچ کرنے کی اجازت نہیں ہوتی، بال کو پاؤں، سر، سینے یا جسم کے دوسرے حصے سے مارنے کی اجازت ہوتی ہے۔

اقرا کا کہنا تھا کہ برف میں کھینلے کا اپنا مزہ ہوتا ہے، پاکستان میں پہلی بار ٹیک بال گیمز کو اسنو فیسٹیول میں منعقدہ مقابلوں میں شامل کیا گیا اور اس میں شرکت پر وہ بہت زیادہ خوش ہے۔

سیاحتی مقام گبین جبہ میں سہ روزہ برف میلہ

واضح رہے کہ ٹیک بال کا آغاز پہلی بار ہنگری میں 2012 میں ہوا، مشہور فٹ بالر Gabor Borsanyi ابتدا میں ٹیک بال کو ٹیبل ٹینس کی میز پر کھیلتے تھے لیکن پھر بعد میں 2014 میں ٹیک بال ٹیبل بنایا گیا، اگست 2018 میں اولمپک کمیٹی آف ایشیا نے اس کو باقاعدہ طور پر شامل کیا۔

ٹیک بال کھیل فٹ بال اور ٹیبل ٹینس کے امتزاج سے بنایا گیا ہے، یہی وجہ ہے کہ اس کھیل میں فٹ بال اور ٹیبل ٹینس کے کھلاڑی زیادہ دل چسپی لیتے ہیں، اقرا بھی ٹیبل ٹینس کھلاڑی ہے اور انھوں نے ٹیبل ٹینس کے انٹرنیشنل مقابلوں میں بھی پاکستان کی نمائندگی کی ہے، اور اب وہ ٹینس کے ساتھ ٹیک بال میں بھی اپنا لوہا منوا رہی ہیں۔

خیال رہے کہ خیبر پختون خوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کی جانب سے منعقدہ تین روزہ اسنو فسیٹیول میں بڑی تعداد میں سیاحوں نے شرکت کی ہے، سیاح گبین جبہ کے دل فریب نظاروں کے ساتھ کھیل کے مقابلوں اور روایتی موسیقی سے بھی لطف اندوز ہوئے۔

Comments

- Advertisement -