کوئٹہ: پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے صوبہ بلوچستان میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے شہر تربت میں پولیس نے اہم کارروائی کرکے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور تخریب کاری کا مواد برآمد کرلیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مغوی شخص کی نشاندہی پر تربت پولیس نے سٹلائٹ ٹاؤن میں ایک بنگلے میں کارروائی کرکے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور تخریب کاری کا مواد برآمد کیا۔
پولیس حکام کے مطابق اس دوران تین ملزمان کو حراست میں لیا گیا، مبینہ دہشت گرد تربت میں تقریب کاری کرنے والے تھے۔
گرفتار مبینہ دہشت گردوں کے قبضے سے جیش العدل کے پمفلٹ بھی برآمد ہوئے ہیں، مغوی محمد سعید کو پانچ روز پہلے تربت بازار سے اغواء کیا گیا تھا۔
پولیس کا مزید کہنا تھا کہ مغوی کی نشاندہی پر پولیس نے بروقت کارروائی کرکے تخریب کاری کا منصوبہ ناکام بنایا۔
بلوچستان میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام
خیال رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں بھی تربت میں پولیس اہلکاروں نے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنایا تھا۔
مذکورہ کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں گولہ بارود برآمد ہوا تھا جبکہ 3 ملزمان گرفتار ہوئے تھے۔
واضح رہے کہ ماضی میں بلوچستان کے علاقے ژوب سے بڑی مقدار میں دھماکہ خیز مواد اور اسلحہ برآمد کیا جا چکا ہے، یہاں خود کش دھماکے بھی ہوچکے ہیں جب کہ ایف سی متعدد دہشت گردوں کو گرفتار بھی کرچکی ہے۔