واشنگٹن : امریکا نے کراچی اور اورکزئی میں دہشت گرد حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے، واشنگٹن سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردوں کے حملوں کے خلاف پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں کراچی اور اورکزئی ایجنسی میں پے در پے ہونے والے دہشت گردوں کے حملوں پر امریکا نے اپنی گہری تشویش اور دہشت گرد حملوں میں زخمی شہریوں کی جلد صحتیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
واشنگٹن سے جاری ایک بیان میں امریکا نے واقعات میں جاں بحق و زخمی افراد کے اہل خانہ سے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے، امریکا نے چینی قونصل خانے پرحملہ ناکام بنانے پر پاکستانی سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔
مزید پڑھیں: چینی قونصل خانے پرحملے کی کوشش ناکام ‘ 2 پولیس اہلکار شہید ‘ 3 دہشت گرد ہلاک
امریکا کا کہنا ہے کہ پاکستانی سیکیورٹی فورسز کے بروقت اور جرات مندانہ جواب سے جانی نقصان کم ہوا، دہشت گردوں کے حملوں کیخلاف پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، خطے میں دہشت گردی کے خلاف پاکستانی حکومت سے تعاون جاری رکھیں گے۔