کراچی : کراچی سینٹرل جیل سے لشکر جھنگوی سے تعلق رکھنے والے خطرناک دہشتگرد قانون کے رکھوالوں کی گرفت میں نہ آسکے لیکن اب فرار دہشتگردوں کے افغانستان پہنچنے کا انکشاف ہوا ہے۔
سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق کراچی سینٹرل جیل سے فرار لشکر جھنگوی سے تعلق رکھنے والے دو خطرناک دہشتگرد محمد ممتاز عرف فرعون اور محمد احمد عرف منا ممکنہ طور پر خضدار، وڈھ اور پھرافغانستان پہنچ گئے ہیں۔
زرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان کو فرار کرانے کی سازش سینٹرل جیل میں کی گئی، سہولت کار قیدیوں سمیت 4 افراد کو گرفتار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ ملزمان کو فرار کرانے میں وکیل نے بھی کردار ادا کیا، سہولت کاری میں ملوث وکیل کو بھی گرفتار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق سہولت کاری کے الزام میں قاسم رشید،سجاد،سرمد صدیقی کی گرفتاری کا فیصلہ کیا ہے، جیل عملےسےتاحال تحقیقات مکمل نہ ہوسکیں، ایس ایچ اونیوٹاؤن کی غلط ایف آئی آرسےمشکلات کاسامنارہا۔
مزید پڑھیں : کراچی: سینٹرل جیل سے کالعدم جماعت کے 2 خطرناک قیدی فرار
یاد رہے کہ سینٹرل جیل سے ہائی پروفائل قیدیوں کے فرار ہونے کے معاملے پر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے حیرت انگیز انکشافات پر مبنی رپورٹ تیار کی تھی، ابتدائی تفتیش کے مطابق قیدی جیل حکام کی مل بھگت سے فرار ہوئے۔
واضح رہے کہ رواں سال 13 جون کو سینٹرل جیل سے کالعدم جماعت کے 2 خطرناک قیدی فرار ہوگئے تھے ، جیل حکام نے غفلت برتنے پر 12 اہلکاروں ، سپرٹنڈنٹ ار جیل سپرٹنڈنٹ کو معطل کردیا تھا۔