پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان 19 برس بعد ہوم ٹیسٹ سیریز ہو رہی ہے قومی ٹیم نے مہمان ٹیم کو پھنسانے کے لیے منصوبہ بنا لیا ہے۔
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان 19 برس بعد ہوم سیریز منعقد ہو رہی ہے۔ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا آغاز کل سے ہو رہا ہے۔ قومی ٹیم نے مہمان ٹیم کو زیر کرنے کے لیے اسپن جال میں پھنسانے کا منصوبہ بنایا ہے اور ملتان اسٹیڈیم میں اسپن ٹریک تیار کر لیا گیا ہے۔
پہلا ٹیسٹ میچ کل سے شروع ہو رہا ہے۔ اس میچ میں انگلینڈ کے خلاف ہوم ٹیسٹ سیریز کے ہیرو ساجد خان اور نعمان علی کے ساتھ ابرار احمد ایکشن میں نظر آسکتے ہیں۔
اس سیریز میں اوپننگ جوڑی بھی نئی ہوگی۔ صائم زخمی ہونے کے باعث سیریز کا حصہ نہیں جب کہ عبداللہ شفیق خراب فارم کے باعث ڈراپ کر دیے گئے ہیں۔ اس لیے امام الحق اور محمد ہریرہ اوپننگ کر سکتے ہیں۔
پاکستان کو ویسٹ انڈیز سے ٹیسٹ سیریز جیتے تقریباً 8 سال گزر گئے ہیں۔ دونوں ٹیموں کے درمیان آخری ٹیسٹ سیریز ایک ایک سے برابر رہی تھی۔
تاہم پاکستان کی سر زمین پر ویسٹ انڈیز کا ریکارڈ خراب ہے۔ دنوں ٹیموں کے درمیان سات ٹیسٹ سیریز ہوئیں جس میں صرف ایک بار 1980 میں کامیابی ملی۔
ویسٹ انڈیز کیخلاف قومی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان
ویسٹ انڈیز نے پاکستان کی سر زمین پر 21 میچز کھیل رکھے ہیں۔ ان میں سے صرف چار میں فتح حاصل ہوئی اور 9 میں ہار کو گلے لگایا۔ 8 میچز ڈرا رہے۔
پہلے ٹیسٹ میچ کا آغاز صبح ساڑھے نو بجے ہوگا۔