لاہور: علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے بنکاک جانے والے تھائی مسافر کو جہاز میں ہلڑ بازی کرنے پر آف لوڈ کردیا گیا، ایئرلائن نے مسافر کو بلیک لسٹ کرتے ہوئے تھائی ایئر پر سفر کرنے پر پابندی عائد کردی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور سے غیرملکی ایئرلائن کی پرواز سے بنکاک جانے والے تھائی مسافر نے جہاز میں اس وقت ہلڑ بازی شروع کردی جب فضائی میزبان نے دوسرے مسافر کی سیٹ پر بیٹھنے پر سیٹ سے اٹھنے کو کہا تو مسافر نے جہاز میں شور شرابہ شروع کردیا اور فضائی میزبان سے بدتمیزی کی اور ہلڑ بازی کرنے لگا۔
تھائی نیشنل سوم ساک وانگ چینگ نامی مسافر غیر ملکی ایئرلائن (تھائی ائیر ) کی پرواز ٹی جی 346 سے بنکاک جا رہا تھا۔ مسافر کے شور شرابہ کرنے پر کپتان نے فوری طور پر اے ایس ایف کو طلب کرلیا۔ اے ایس ایف نے مسافر کو کیبن کریو سے بدتمیزی اور لڑائی جھگڑا کرنے پر جہاز سے اتار دیا۔
ائیرلائن انتظامیہ کے مطابق مسافر نے ائیرکرافٹ سیکیورٹی ریگولوشن کی خلاف ورزی کی ہے۔ ہلڑ بازی کرنے پر مسافر کو آف لوڈ کرکے اے ایس ایف کے حوالے کر دیا گیا۔ ایئرلائن نے مسافر کو بلیک لسٹ کرتے ہوئے تھائی ایئرپر سفر کرنے پر پابندی عائد کردی۔
دوسری جانب نیو اسلام آباد ایئرپورٹ پر پی آئی اے کی ٹاسک فورس نے کارروائی کرتے ہوئے کینیڈا جانے والے افغانی شہری کو حراست میں لے لیا۔ افغانی شہری جعلی ویزے پر کینیڈا جا رہا تھا۔
مسافر نے پی آئی اے کی پرواز پی کے 781 کے ذریعے ٹورنٹو کے لیے اپنی سیٹ بک کرائی تھی، پی آئی اے کی ٹاسک فورس نے مسافر کا ویزا چیک کیا تو وہ جعلی نکلا۔ شر زاد شکور جان نامی مسافر کو ایف آئی اے ایمیگریشن کے حوالے کردیا گیا۔ ایف آئی اے ایمیگریشن نے مسافر کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی۔
ادھر اےایس ایف نے لاہور ایئرپورٹ پرمنی لانڈرنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے بنکاک جانے والے مسافر کے بیگ سے 47 ہزار ڈالر برآمد کرلیے، ایک بیگ سے 44 ہزار امریکی ڈالر، دوسرے بیگ سے 3 ہزارآسٹریلین ڈالر برآمد ہوئے۔ مسافر میاں بیوی کے ساتھ بچے بھی تھے، مسافر کو تفتیش کے لیے کسٹم کے حوالے کر دیا گیا۔