تھائی لینڈ کی شہزادی بجراکیتیا بھا 47 برس کی عمر میں چل بسیں، وہ بادشاہ ماہا وجرالونگ کورن کی بڑی صاحبزادی تھیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق تھائی شاہی محل کا ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وہ گزشتہ تقریباً چار سال سے شدید علالت اور کومے کی حالت میں زیرِ علاج تھیں۔
تھائی لینڈ کی شہزادی دسمبر 2022 میں اچانک بے ہوش ہو گئی تھیں۔ بعد ازاں انہیں دل کے عارضے اور دیگر طبی پیچیدگیوں کے باعث اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اُن کا مسلسل علاج جاری رہا۔
ان کی صحت حالیہ ہفتوں میں مزید بگڑ گئی تھی اور متعدد انفیکشنز اور اعضا کی پیچیدگیوں کے باعث وہ شدید تکلیف میں مبتلا تھیں۔
رپورٹس کے مطابق شہزادی کو تھائی لینڈ میں قانون، سفارت کاری اور سماجی خدمات کے شعبوں میں نمایاں کردار کے لیے جانا جاتا تھا۔
انہوں نے قانون کی اعلیٰ تعلیم حاصل کی، سرکاری و سفارتی ذمہ داریاں نبھائیں اور خواتین قیدیوں کے حقوق کے لیے بھی گراں قدر خدمات انجام دیں۔
تھائی لینڈ نے بھارت کیلئے ویزا فری انٹری ختم کردی
شاہی محل کا کہنا ہے کہ ان کی آخری رسومات روایتی شاہی اعزازات کے ساتھ ادا کی جائیں گی اور ان کی میت کو عوامی تعزیت کے لیے گرینڈ پیلس میں رکھا جائے گا۔


