میاں چنوں: اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے کہا ہے کہ اللہ کا شکر ہے انجری کے بعد اسلامک ورلڈ گیمز میں تیسری بار گولڈ میڈل جیتا۔
اسلامک ورلڈ گیمز میں گولڈ میڈل جیتنے کے بعد ارشد ندیم کا آبائی شہر میاں چنوں پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا، عوام نے انھیں نہایت گرمجوشی سے ویلکم کیا، اس موقع پر ارشد ندیم نے کہا کہ عوام کی دعاؤں اور محبت پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔
ارشد ندیم نے کہا کہ عوام سے پُرامید ہوں، ان کی توقعات پر پورا اتروں گا، انجری کے باوجود آئندہ مقابلوں میں بھی بھرپور حصہ لوں گا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستانی اتھلیٹس ارشد ندیم اور یاسر سلطان کو کتنی انعامی رقم ملے گی؟
سعودی عرب کے شہر ریاض میں اسلامک سالیڈیریٹی گیمز میں پاکستانی جیولین اسٹارز ارشد ندیم اور یاسر سلطان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔
ریاض میں منعقدہ اسلامی یکجہتی گیمز کے جیولن تھرو مقابلے میں پاکستان کے ارشد ندیم نے گولڈ میڈل جیتا جبکہ پاکستان کے ہی محمد یاسر سلطان نے چاندی کا تمغہ اپنے نام کیا۔
اسلامک سالیڈیریٹی گیمز میں جیولین اسٹارز ارشد ندیم کو گولڈ میڈل جیتنے پر 50 لاکھ روپے انعامی رقم ملے گی جبکہ یاسر سلطان کے حصے میں 30 لاکھ روپے آئیں گے۔


